اپریل میں گاڑیوں کی فروخت میں 5 فیصد کمی
اپریل میں اسپورٹس گاڑیوں، پک اَپ اور وینز کی فروخت 10 ہزار 596 یونٹس تک پہنچ گئی، جو سال بہ سال ایک فیصد اضافہ اور ماہ بہ ماہ 5 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ کمی بنیادی طور پر سندھ میں ہائی وے کی بندش کی وجہ سے ہوئی، جس کی وجہ سے ترسیل میں تاخیر ہوئی جبکہ سال بہ سال کے اضافے کو مستحکم عمومی معاشی عوامل، شرح سود میں کمی اور مہنگائی میں کمی کی وجہ سے بہتری میں مدد ملی۔ اس کے علاوہ رواں سال گاڑیوں کے نئے ماڈل کو لانچ کیا گیا جس نے خریدار کو بھی راغب کیا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی مائیشا سہیل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران متذکرہ گاڑیوں کی فروخت ایک لاکھ 11 ہزار 464 یونٹس تک رہی، جس کا حجم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 79 ہزار 596 یونٹس رہا تھا جو سالانہ 40 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مختلف کمپینوں کے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ سازگار انجینئرنگ کی اپریل میں فروخت 549 یونٹس رہی جو ماہ بہ ماہ 42 فیصد کم ہوئی، جس کی وجہ 10 روزہ ہڑتال تھی جو پیداوار میں کمی کا بنیادی سبب تھی۔ کمپنی کی رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کی فروخت بڑھ کر 8 ہزار 576 یونٹس ہوگئی جو مالی سال 2024 کے پہلے 10 ماہ میں 3 ہزار 723 یونٹس تھی جو سالانہ 130 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے، جس کی بڑی وجہ پاکستان میں ہاول برانڈ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی فروخت اپریل میں ماہانہ بنیادوں پر 12 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد تنزلی کے بعد 4 ہزار 3 یونٹس رہ گئی، تاہم رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 53 ہزار 949 پاک سوزوکی گاڑیاں فروخت ہوئیں جو سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ ہے۔
اپریل کے دوران ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کی گاڑیوں کی فروخت ماہانہ بنیادوں پر 20 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 70 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ہزار 707 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 14 ہزار 383 ہونڈا اٹلس گاڑیاں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32 فیصد اضافہ ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں انڈس موٹر کمپنی کی 24 ہزار 877 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو سالانہ بنیادوں پر 58 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 4 فیصد اضافہ ہے۔
ہنڈائی نشاط موٹرز کی اسمبل کردہ گاڑیوں کی فروخت اپریل میں 900 یونٹس رہی جو سال بہ سال 9 فیصد اضافہ اور ماہانہ 5 فیصد تنزلی ظاہر کرتی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں فروخت 8 ہزار 190 یونٹس رہی جو کہ سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ اپریل میں دیوان گروپ کی ہانری وی (الیکٹرک گاڑیوں) کی فروخت نہ ہونے کے برابر رہی، اسے نومبر 2024 میں لانچ کیا گیا تھا۔
پاما ممبرز کی دو اور تین پہیوں والی سواریوں کی فروخت اپریل میں ایک لاکھ 35 ہزار 721 یونٹس رہی جو ماہانہ 6 فیصد اور سالانہ 26 فیصد اضافہ ہے۔
مائیشا سہیل کے مطابق فروخت میں اضافے کی وجہ قیمتوں میں کمی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں دو اور تین پہیوں والی سواریوں کی فروخت 12 لاکھ یونٹس رہی جو سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ ہے۔
ٹریکٹر انڈسٹری نے اپریل کے دوران کُل ایک ہزار 602 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی جو سال بہ سال 48 فیصد تنزلی اور ماہ بہ ماہ 4 فیصد کم ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹریکٹر کی فروخت 24 ہزار 832 یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 36 فیصد کم ہے۔