کم کارڈیشین سے پیرس میں کی گئی ڈکیتی کا 9 سال بعد ٹرائل

شائع May 14, 2025
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی ٹی وی اسٹار 44 سالہ کم کارڈیشین اپنے ساتھ 2016 میں ہونے والے ڈکیتی کے کیس میں فرانسیسی عدالت میں پیش ہوگئیں، انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔

خبر رساں ادارے ’ایجنسی پریس فرانس‘ (اے ایف پی) کے مطابق کم کارڈیشین پیرس کی مقامی عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے 2016 میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت اُنہیں محسوس ہوا کہ نقاب پوش افراد انہیں قتل کر دیں گے یا پھر ان کا ریپ کردیں گے لیکن خوش قسمتی سے ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا۔

بیان ریکارڈ کرواتے وقت کم کارڈیشین نے آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگا رکھا تھا جب کہ انہوں نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2016 میں وہ پیرس فیشن ویک میں شرکت کے لیے آئیں تھیں، جہاں ان کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

نو سال قبل کم کارڈیشین پیرس کے ایک ہوٹل میں ڈکیتی کا شکار ہوئی تھیں، جہاں ڈاکوؤں نے اُن سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ لیے تھے، ان قیمتی اشیاء میں ایک 40 لاکھ ڈالر مالیت کی منگنی کی انگوٹھی بھی شامل تھی، جو آج تک برآمد نہیں ہو سکی۔

ڈکیتی میں ملوث افراد میں نو مرد اور ایک خاتون شامل تھیں، جن کی عمریں تقریباً 30 سے 70 سال کے درمیان ہیں۔

عدالتی کارروائی کے دوران کم کارڈیشین نے 2016 میں پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ہوٹل کے کمرے میں اکیلی تھیں، جب پولیس کی وردی پہنے کچھ افراد ان کے کمرے میں داخل ہوئے اور ان کی قیمتی انگوٹھی سمیت ان سے دیگر سامان چھینا۔

کم کارڈیشین نے عدالت کو بتایا کہ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے انہیں بندوق سے ڈرایا اور زِپ ٹائی سے باندھ دیا، جس سے انہیں یہ خوف لاحق ہوا کہ وہ اُنہیں گولی مار دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اُس لمحے انہیں یہ بھی محسوس ہوا کہ ڈاکو اُن کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش بھی کر سکتے ہیں، تاہم انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا اور اُن کے منہ پر ٹیپ لگا کر انہیں دوسرے کمرے میں بند کر دیا۔

کم کارڈیشین کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنی سیکیورٹی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، اور اب چھ گارڈز ہر وقت اُن کے ساتھ ہوتے ہیں۔

عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان میں سے ایک ملزم کے وکیل نے عدالت میں اپنے موکل کا اعترافی بیان بھی پڑھ کر سنایا، جس میں ملزم نے کم کارڈیشین سے معافی مانگی اور کہا کہ اب بیماری کی وجہ سے وہ بولنے کے قابل بھی نہیں رہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران ایک اور 70 سالہ ملزم نے بھی ڈکیتی کی کارروائی کا حصہ بننے کا اعتراف کیا لیکن ساتھ ہی بتایا کہ وہ واقعے کے ماسٹر مائینڈ نہیں۔

عدالت نے کم کارڈیشین سمیت ڈکیتی کے ملزمان کے بیانات سننے کے بعد سماعت ملتوی کردی، مذکورہ ٹرائل کی سماعتیں 23 مئی تک جاری رہیں گی، جس کے بعد عدالت فیصلہ سنائے گی۔

کم کارڈیشین کے ساتھ پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے کو دہائی کا سب سے بڑا ڈکیتی واقعہ بھی قرار دیا جاتا رہا ہے، ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفتیش 2021 میں مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد ملزمان پر مقدمہ چلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اب کم کارڈیشین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو تقریبا 9 سال گزر جانے کے بعد ٹرائل کا آغاز ہوا ہے اور آئندہ چند ہفتوں تک عدالتی کارروائی کے جاری رہنے کے بعد کیس کا فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025