چیف جسٹس کا دورہ بنوں: عدالتی اصلاحات، قانونی تربیت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی پر زور

شائع May 16, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے عدالتی اصلاحات، قانونی تربیت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عدالتی نظام میں آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت کے نفاذ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج پشاور ہائی کورٹ کی بنوں بینچ کا دورہ کیا، چیف جسٹس نے مشکل حالات میں خدمات سر انجام دینے والے ججز سے اظہار یکجہتی کیا۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے ملاقات کی اور عدلیہ اور وکلا کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

چیف جسٹس نے کرک، لکی مروت، شمالی وزیرستان سمیت دیگر اضلاع کے ججز اور نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران عدالتی استعداد، ادارہ جاتی تعاون، اور قانونی تعلیم و تربیت کی اصلاحات پر توجہ دی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے عدالتی نظام میں آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت کے نفاذ، عدالتی اصلاحات، قانونی تربیت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی پر زور دیا۔

چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی خودمختاری کو انصاف کی مؤثر فراہمی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو فنڈز کی ترجیحی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ججز کیلئے تربیتی مواقع، مراعات فراہم کی جائیں۔

چیف جسٹس نے ٹریننگ ماڈیولز کی تیاری پر بھی گفتگو کی، یہ ٹریننگ ماڈیولز وکلاء کی عملی تربیت کیلئے استعمال ہوں گے۔

دورے کے دوران چیف جسٹس نے جیل، ہسپتال اور کچن کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے براہ راست بات چیت کی، اس موقع پر ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح بھی کیا گیا۔

چیف جسٹس کو قیدی بہادر خان سے ملوایا گیا جس کا کیس 2019 سے زیر التوا تھا، بہادر خان کیس کا حال ہی میں 23 اپریل 2025 کو فیصلہ ہوا تھا۔

چیف جسٹس نے اس تاخیر پر بہادر خان سے افسوس کا اظہار کیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو چالان بروقت جمع کرانے کی ہدایت دی۔

اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے کردار کو بھی مؤثر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ محفوظ اور آزاد عدالتی ماحول شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لازم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025