پنجاب: 3 ماہ میں ایک لاکھ 7 ہزار افراد کو کاروبار کیلئے 61 ارب روپے کے قرضے جاری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نئی تاریخ رقم کر دی، صرف 3 ماہ کے مختصر عرصے میں ایک لاکھ7 ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے قرضے دے دیے گئے، پنجاب میں پہلی مرتبہ 90 روز میں 57 ہزار 319 نئے کاروبار شروع ہونے کا ریکارڈ بھی بن گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی آسان کاروبار اسکیم کے تحت نئے کاروبار شروع کرنے کے لیے 23 ارب 91 کروڑ روپے کے قرض جاری کیے گئے، پہلی مرتبہ 6 ہزار 753 خواتین نے کاروبار چلانے کے لیے 3 ارب 42کروڑ روپے کے قرضے لیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے آسان کاروبار فنانس اور کارڈ لون کے لیے زیر غور درخواستوں کا پراسیس جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر آسان کاروبار کارڈ اب واٹس ایپ کے ذریعے بھی ایکٹیو کیا جا سکے گا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایکسپورٹ اور مینو فیکچرنگ سیکٹر لون کے لیے پلان طلب کرلیا۔
مریم نواز نے کہا کہ آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام کسی صورت نہیں رکنا چاہیے۔
خصوصی اجلاس میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، ایم ڈی پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (پی ایس آئی سی) سارہ عمر نے آسان کاروبار اسکیم پر پیش رفت سے آگاہ کیا
انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت 3 ہزار 10 افراد کو 18 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، چیف منسٹر آسان کاروبار کارڈ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 4 ہزار افراد کو 43 ارب روپے کے قرض کا اجرا کیا جاچکا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف منسٹر آسان کاروبار فنانس کے لیے 74 ہزار 579 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کے نتیجے میں 2 ہزار 505 درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے قرضے جاری کیے گئے۔
چیف منسٹر آسان کاروبار فنانس کے لیے 12 ہزار 29 درخواستیں موصول ہوئیں، اور 505 منظور کرکے قرضے فراہم کیے گئے، چیف منسٹر آسان کاروبار کارڈ اسکیم کے لیے 13 لاکھ 80 ہزار 838 درخواستیں ملیں، جب کہ ایک لاکھ 4 ہزار 133 کو منظور کیا گیا۔
ٹرانسپورٹیشن کے کاروبار کے لیے ایک ہزار 312 افراد نے 3 ارب 91 کروڑ روپے کے قرض حاصل کیے، ٹریڈنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کے لیے 175 افراد نے 3 ارب 94 کروڑ روپے کے قرض حاصل کیے، پروفیشن، سروسز، ایگری کلچر، ڈیری، فوڈ، بیوٹیشن، آٹو، فرٹیلائزر، پیسٹی سائیڈ اور دیگر کاروباروں کے لیے بھی قرض کے حصول کا رحجان دیکھا گیا۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ آسان کاروبا کارڈ کے ذریعے سروسز مہیا کرنے والے سب سے زیادہ 61 ہزار 996 افراد نے 26 ارب 13کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے۔
اسی طرح ٹریڈنگ کے لیے 24 ہزار 522 افراد نے 10 ارب 75 کروڑ روپے کے قرض حاصل کیے، ایگری اسمال بزنس کے لیے 10 ہزار 699 افراد 3 ارب 69 کروڑ روپے کے قرض لیے ہیں۔