ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد
ایئرچیف مارشل ظہیراحمدبابر سدھو نے معرکہ حق کے دوران دشمن کے حملے میں شہید ہونے والے اسکواڈرن لیڈرعثمان یوسف کی رہائشگاہ کا دورہ کرکے سوگوار خاندان سے تعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایئرچیف نے بھارتی جارحیت میں شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف آپریشنل ایئربیس پر دشمن کے حملے میں شہید ہوئے تھے، اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر بابر سدھو نے کہا کہ شہدا کی خدمات، قربانیاں ہمیشہ قوم کی یادوں میں نقش رہیں گی۔
ایئرچیف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے جوانوں سمیت زخمی شہریوں سے ملاقات کی، ایئرچیف ظہیر احمد بابر نے زخمی اہلکاروں کے غیر متزلزل عزم اور حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پر ایئرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر قیمت پر فضائی سرحدوں کا دفاع یقینی بنائے گی، فرض کی ادائیگی کے دوران اہلکاروں کی بہادری اور عزم قابل تعریف ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔
بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو محدود کردیا تھا جبکہ بھارت میں موجود پاکستانی کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے علاج کی غرض سے جانے والے بچوں سمیت تمام پاکستانیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا۔
جواب میں پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی غیرقانونی معطلی کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے بھارتی سفارتی عملے کو محدود کرنے کے ساتھ سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتیوں کے ویزے منسوخ کردیے تھے، جبکہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت منسوخ کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کردی تھی۔
بعد ازاں بھارت نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد سمیت 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان فوری دفاعی کارروائی کرتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
بھارت نے 10 فروری کی رات پاکستان کی 3 ایئربیسز کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔