وزیراعظم کی جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی قائدانہ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی دفاع وطن کے لیے گراں قدر خدمات اور آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کے لیے اقدامات پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بے مثال خوبیوں سے نوازا ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں ان کی دلیری، استقامت اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران آرمی چیف سے لے کر سرحدوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے والے ہر سپاہی نے دفاع وطن کے لیے دلیری سے اپنی خدمات سر انجام دیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی قیادت میں اپنی بہادر افواج کے غازیان و شہدا اور ان کے اہلخانہ پر فخر ہے۔
اس سے قبل، وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے سے متعلق انہیں اعتماد میں لیا۔
صدر مملکت سے وزیر اعظم کی ملاقات میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔