نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئیں
معروف پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے جمعہ کے روز نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی ماؤنٹ کنچن جنگا (8 ہزار 586 میٹر) کو سر کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 12 بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔
یہ سمٹ 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں کی فہرست مکمل کرنے کی جانب ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف نیپالی کوہ پیما اور امیجن نیپال کے بانی منگما جی نے تصدیق کی کہ نائلہ کیانی نے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کنچن جنگا کی چوٹی پر قدم رکھا۔
ان کے مطابق کامیابی کے بعد مہم جو ٹیم نے کیمپ فور میں اترنا شروع کیا اور بیس کیمپ کی طرف بڑھ رہی تھی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری نے نائلہ کیانی کو اس شاندار کارنامے پر مبارکباد دی۔
نائلہ کیانی کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ کارنامہ نہ صرف پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی نائلہ کیانی کے مقام کو مستحکم کرتا ہے۔ وہ دنیا کی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے کے قریب ہیں اور ایسی صرف 20 سے کم خواتین میں شامل ہونے جارہی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ سمٹ کا آغاز جمعرات کی شام تقریباً 6:30 بجے ہوا اور یہ چڑھائی شدید برف باری اور صفر درجہ حرارت جیسے سخت حالات میں رات بھر جاری رہی۔
اس کے باوجود، نائلہ کیانی غیر متزلزل عزم اور قوم کی دعاؤں کے ساتھ بحفاظت چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
نائلہ کیانی نے واپسی پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سے کنچن جنگا تک کا یہ سفر صرف ایک ذاتی کامیابی نہیں، بلکہ پاکستان اور دنیا بھر کی ہر لڑکی اور عورت کے لیے ایک پیغام ہے کہ آپ اپنی سوچ سے زیادہ مضبوط ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے اور میں شکر گزار ہوں، لیکن یہ سفر ابھی جاری ہے، پاکستان، یہ آپ کے لیے ہے۔
سمٹ سے قبل اپنی ٹیم کے نام پیغام میں نائلہ کیانی نے کہا تھا کہ کنچن جنگا پر چڑھنا ایک انتہائی مشکل مہم رہی ہے اور یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ 8 ہزار میٹر سے بلند پہاڑوں کو سر کرنا کتنا مشکل ہے۔
واضح رہے کہ نائلہ کیانی پہلے ہی 8 ہزار میٹر سے اوپر کی دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے 11 کو سر کر چکی ہیں، جن میں ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو، براڈ پیٹ، نانگا پربت، گاشربرم-I، گاشربرم-II، اناپورنا، لوٹسے، مناسلو، مکالو اور چو اویو شامل ہیں۔
کنچن جنگا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ چوٹی اپنے خطرناک راستوں اور غیر متوقع موسم کے لیے جانی جاتی ہے، مگر عزم اور اپنے خاندان، ٹیم اور پیروکاروں کی حمایت سے وہ کامیابی کے لیے پُرامید تھیں۔
نائلہ کیانی کے پاس کوہ پیمائی کے کارناموں کی طویل فہرست ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں نائلہ کیانی دنیا کی 8 ہزار میٹر کی 11 چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں۔
گزشتہ سال اپریل میں، وہ نیپال کی انا پورنا چوٹی کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں، جو دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی ہے، جو 8 ہزار 91 میٹر اونچی ہے۔ اس کے بعد مئی میں وہ دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے گئی اور ایسا کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون بن گئیں۔
جولائی میں، نائلہ کیانی نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی، 8 ہزار 125 میٹر نانگا پربت کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کا کارنامہ انجام دیا۔ اسی مہینے، وہ 8 ہزار 51 میٹر بلند دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ چوٹی کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔
کچھ مہینوں کے بعد نائلہ کیانی اور سرباز خان چین کے تبت میں دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی 8 ہزار 201 میٹر چو اویو کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی جوڑے بن گئے تھے۔