ناران کو چلاس سے ملانے والے بابوسر روڈ کو 7 ماہ بعد ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

شائع May 24, 2025
سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں — فائل فوٹو: ڈان
سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں — فائل فوٹو: ڈان

وادی کاغان کے شہر ناران کو گلگت بلتستان کے چلاس سے ملانے والے بابوسر روڈ کو 7 ماہ بعد ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دلکش مناظر کے لیے مشہور بابوسر ٹاپ اور بابوسر پاس ہر سال نومبر سے جون تک شدید برفباری کے باعث بند رہتے ہیں، بابوسر پاس کے ذریعے دیامر سے مانسہرہ کا سفر 7 گھنٹے میں طے ہوتا ہے، جب کہ قراقرم ہائی وے کے ذریعے یہی فاصلہ 14 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔

اس بلند پہاڑی پاس کے دوبارہ کھلنے سے گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے، ناران و کاغان ویلی اور ملحقہ علاقوں میں بھی سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

سمندر کی سطح سے 13 ہزار 700 فٹ کی بلندی پر واقع بابوسر ٹاپ ایک مشہور سیاحتی مقام ہے، گلگت بلتستان کا سفر کرنے والے سیاح بابوسر پاس سے سفر کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ موسم اور دلکش مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے 2 دن قبل برف ہٹانے کے بعد سڑک کلیئر کرنے کا آپریشن مکمل کیا تھا، گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے حکام نے ’ڈان‘ کو تصدیق کی کہ بابوسر روڈ ٹریفک کے لیے کلیئر کر دی گئی ہے اور دونوں اطراف سے ٹریفک کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ جمعرات کو دونوں اطراف سے ٹریفک کی اجازت دی گئی، این ایچ اے کی ٹیم نے ناران سے بابوسر ٹاپ کے درمیان مرحلہ وار 21 سے زائد گلیشیئرز کو صاف کیا، جب کہ دیامر کی ضلعی انتظامیہ نے دیامر سائیڈ پر برفانی تودوں کو ہٹایا۔

دیامر کی ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران قواعد و ضوابط (ایس او پیز) پر عمل کریں، کیونکہ ہر سال بابوسر ٹاپ سے چلاس کے درمیان حادثات کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں، دیامر پولیس نے بابوسر ٹاپ پر چیک پوسٹس قائم کر دی ہیں اور موبائل ٹاورز کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

مقامی ہوٹل ایسوسی ایشن نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور اب روزانہ سیکڑوں سیاح ناران پہنچ رہے ہیں۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ٹور آپریٹرز نے بکنگ اور سرگرمیوں میں تیزی کی اطلاع دی ہے، جو گرمیوں کے سیاحتی سیزن کے ایک مضبوط آغاز کی علامت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی اسٹیک ہولڈرز (ہوٹل مالکان اور ٹور گائیڈز شامل ہیں) نے سڑک کی دوبارہ بحالی کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ سیزن کامیاب ہوگا، تاہم اس کے لیے متعلقہ حکام سڑک کی حفاظت اور موسم و سفری ہدایات کے بارے میں بروقت اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025