گوجرانوالہ: انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث خاتون سمیت 5 ملزم گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث خاتون سمیت 5 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتاریاں ایف آئی اے گوجرانوالہ اور فیصل آباد زون کےچھاپوں میں ہوئیں جب کہ ملزمان کو سیالکوٹ، منڈی بہا الدین،گوجرانوالہ اور فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے مزید کہا کہ ملزمان کی شناخت وسیم عباس، حیدر، حارث شاہد اور نبیلہ کے نام سے ہوئے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہوگئے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم حارث شاہد نے شہری کو البانیہ ملازمت دلوانے کی غرض سے 26 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھیائے جب کہ ملزمان نے شہری کو اٹلی کے بجائے آذربائجان اور بعد ازاں ازبکستان بھجوایا۔
علاوہ ازیں، ملزم وسیم عباس نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر 22 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے جبکہ ملزم شہری کو سعودی عرب ملازمت دلوانے میں ناکام رہا۔
ترجمان ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ ملزم حیدر اور نبیلہ نے شہری کو متحدہ عرب امارات ملازمت کا جھانسہ دے کر 7 لاکھ 72 ہزار روپے ہتھیائے، تاہم ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہوگئے تھے۔
ادھر، ایف آئی اے نے فیصل آباد میں عمر عرفان نامی انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا، ملزم نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے اور بھتہ کی مد میں 11 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے۔