زونگ نے پاکستان میں ہوسٹ کیے جانیوالے کلاؤڈ پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا

شائع May 25, 2025
یہ پلیٹ فارم کمپیوٹ، اسٹوریج، بزنس کنٹینیوٹی، نیٹ ورک میں بھی بلٹ اِن صلاحیتیں فراہم کرتا ہے
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
یہ پلیٹ فارم کمپیوٹ، اسٹوریج، بزنس کنٹینیوٹی، نیٹ ورک میں بھی بلٹ اِن صلاحیتیں فراہم کرتا ہے — فائل فوٹو: شٹراسٹاک

زونگ نے پاکستان میں کلاؤڈ ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے مقامی طور پر ہوسٹ کیے جانے والے کلاؤڈ پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا، جو جدید مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے لیس ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پلیٹ فارم انٹرپرائز سطح کی کارکردگی اور سیکیورٹی فراہم کرتا ہے، اور کم تاخیر کی خصوصیات کے ساتھ ایک مضبوط حل ہے، جو انٹرپرائز کلاؤڈ ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرتا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ’Z SAIS‘ ایک مقامی کلاؤڈ پلیٹ فارم ہے، جس میں 7 سے زائد شعبوں میں 40 سے زیادہ سلوشنز موجود ہیں۔

یہ پلیٹ فارم اسلام آباد اور لاہور میں موجود ڈیٹا سینٹرز پر مقامی طور پر ہوسٹ کیا گیا ہے، اور تمام سروسز ایک سادہ اور متحد انٹرفیس کے ذریعے دستیاب ہیں۔

ان سروسز میں کبرنیٹیز ، فائر وال، ویب ایپلی کیشن فائر وال، ڈیزاسٹر ریکوری، بیک اپ سروسز، اور ورچوئل ڈیسک ٹاپ انفرا اسٹرکچر شامل ہیں۔

یہ پلیٹ فارم کمپیوٹ، اسٹوریج، بزنس کنٹینیوٹی، نیٹ ورک اور سیکیورٹی جیسے شعبوں میں بھی بلٹ اِن صلاحیتیں فراہم کرتا ہے۔

زونگ کے ہیڈ آف بزنس فاروق رضا خان نے کہا کہ پاکستان آئندہ دہائی میں ایک ’کلاؤڈ انقلاب‘ کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی اور عالمی کمپنیوں کی جانب سے کلاؤڈ ایکو سسٹمز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، اور زونگ کا مقصد اپنی ترقی پذیر ڈیجیٹل صلاحیتوں کے ذریعے اس تبدیلی کو ممکن بنانا ہے۔

یہ کلاؤڈ پلیٹ فارم کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل جدت کی مکمل طاقت استعمال کرنے کے قابل بنائے گا، اور کلاؤڈ کو پاکستان کی مستقبل کی معیشت کی بنیاد کے طور پر پیش کرے گا۔

اس سے قبل، رواں سال زونگ نے ٹیلی کام انڈسٹری میں استعمال کے لیے پاکستان کا پہلا لارج لینگویج ماڈل (ایل ایل ایم) بھی لانچ کیا تھا، جو کسٹمر سپورٹ اور ذاتی نوعیت کی تجاویز دینے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025