محض تین راتوں کی کم نیند سے بھی امراض قلب بڑھنے کا انکشاف

شائع May 26, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

رات کی پرسکون اور مکمل نیند صرف خوبصورتی ہی نہیں بلکہ دل، ذہن اور وزن سمیت مجموعی صحت کے لیے نہایت اہم ہوتی ہے جب کہ نیند کی کمی متعدد سنگین پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔

طبی ماہرین بالغ افراد کے لیے روزانہ 7 سے 8 گھنٹے نیند کی تجویز دیتے ہیں جب کہ کم عمر افراد کے لیے اس سے زائد دورانیے کی نیند تجویز کی جاتی ہے۔

حال ہی میں سوئیڈن میں کی جانے والی ایک طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ نیند کی کمی دل کی بیماریوں کے خطرات میں نمایاں اضافہ کرسکتی ہے اور محض مسلسل تین راتوں کی نیند کی کمی بھی مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص مسلسل تین راتیں صرف چار چار گھنٹے سوئے تو اس کے جسم میں ایسے پروٹین کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو دل کی بیماریوں سے وابستہ ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 16 صحت مند نوجوان مردوں کو شامل کیا گیا، ان رضاکاروں نے ایک لیبارٹری میں چھ راتیں گزاریں، جہاں انہیں پہلے تین راتیں 8 گھنٹے 30 منٹ سونے دیا گیا، اور اگلی تین راتوں میں صرف 4 گھنٹے 15 منٹ کی نیند کرنے کا کہا گیا۔

ہر مرحلے کے بعد ان سے مختصر لیکن سخت سائیکلنگ ورزش کروائی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ نیند کی کمی کے بعد ان کے خون میں ایسے پروٹین کی سطح میں اضافہ ہوگیا جو دل کی بیماریوں، دل کی بے ترتیب دھڑکن اور سوزش سے منسلک ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر ورزش دماغ اور دل کے لیے فائدہ مند سمجھی جاتی ہے، لیکن جب نیند پوری نہ ہو تو ورزش بھی غیر فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق صرف چند راتوں کی خراب نیند بھی دل اور خون کی نالیوں میں ایسی تبدیلیاں پیدا کرسکتی ہے جو بعد ازاں خطرناک امراض کا باعث بن سکتی ہیں۔

ماہرین نے زور دیا ہے کہ صحت مند زندگی کے لیے سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند کو روز مرہ معمول کا حصہ بنایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025