• KHI: Partly Cloudy 26.4°C
  • LHR: Cloudy 13.7°C
  • ISB: Cloudy 18.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.4°C
  • LHR: Cloudy 13.7°C
  • ISB: Cloudy 18.8°C

وزیراعظم کی ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

شائع May 26, 2025
فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سپریم لیڈر کے لیے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت عالم اسلام میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے اور مسلم امہ رہنمائی اور سرپرستی کے لیے ان کی طرف دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعے، اور بھارت کے بالادستی پسند اور نظر ثانی پسند عزائم کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے تاکہ اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے۔

انہوں نے سپریم لیڈر کو پاک ایران تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح پر لے جانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت موجودہ پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کو آگے بڑھانے میں ایرانی قیادت کی دور اندیشی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ایک تعمیری معاہدہ طے پائے گا۔

سپریم لیڈر نے علاقائی امن اور استحکام کو دور اندیشی کے ساتھ فروغ دینے میں وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ذاتی عزم کی تعریف کی، سپریم لیڈر نے پاکستان اور اس کے عوام کی مزید خوشحالی، ترقی اور نمو کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری سے سپریم لیڈر کی لگن کو گہرا سراہا، اور خاص طور پر سپریم لیڈر سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ کریں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی تھے۔

’ پاکستان اور ایران کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکا ’

دریں اثنا ایران کے دورے پر مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکا ہے، دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حمایت اور بھارت پاکستان تنازع میں ثالثی پیشکش پر ہم ایرانی قیادت کے شکرگزار ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایران کی ثالثی پیشکش ہم نےقبول کرلی تھی لیکن بھارت نے مسترد کردی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے دورے میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی مفاد کے امور پر بھی بات ہوگی۔

غزہ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی تباہ کن جنگ اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کیلئے اور علاقائی تعاون میں ایران پاکستان ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر اورفلسطین کے مسئلے کے حل تک دونوں خطوں میں امن اور انصاف نہیں ہوسکتا، کشمیر اور فلسطین تنازع کو وہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025