میر علی میں مبینہ ڈرون حملے کے خلاف دھرنا معاہدے کے بعد ختم

شائع May 27, 2025
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ ہفتے مبینہ ڈرون حملے کے خلاف دھرنا دینے والے مقامی افراد نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ معاہدے کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ میر علی میں مبینہ ڈرون حملے کے خلاف مقامی افراد کا دھرنا گزشتہ 7 روز سے جاری تھا جبکہ مظاہرین نے مطالبات نہ مانے جانے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی کیا تھا۔

میر علی کے گاؤں ہرمز میں 19 مئی کو مبینہ ڈرون حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھیں۔

میر علی کے مقامی افراد مبینہ حملے کے بعد انصاف کا مطالبہ کیا تھا، جس کے لیے وہ کئی دن سے دھرنا دیے بیٹھے تھے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے وضاحت جاری کی تھی کہ سیکیورٹی فورسز کو اس واقعے میں غلط طور پر ملوث کیا گیا ہے، اور اصل کارروائی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے کی تھی۔

احتجاج کے منتظمین میں سے ایک علامہ اقبال داوڑ نے ڈان ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مظاہرین اور حکام کے درمیان بات چیت کے بعد پیر کی رات ایک معاہدہ طے پا گیا۔

معاہدے کے بعد جاں بحق بچوں کی تدفین کر دی گئی اور مظاہرین کی جانب سے بند کی گئی سڑکیں دوبارہ کھول دی گئیں، جبکہ حکام جلد متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور معاوضے سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، جرگے کے ترجمان مفتی بیت اللہ نے بھی مظاہرین سے خطاب کے دوران معاہدے کا اعلان کیا، ویڈیو میں وہ جرگہ ممبران کے مثبت کردار کو سراہتے نظر آئے۔

جب ڈان ڈیجیٹل نے ڈسٹرکٹ پولیس افسر وقار احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے معاہدے کی تصدیق کی، تاہم اس کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

اسی طرح، میر علی کے تحصیلدار شیر بہادر نے بھی بتایا کہ 4 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے، لیکن انہوں نے بھی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

تاہم، شمالی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر محمد یوسف کریم نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے قبائلی عمائدین سے تفصیلی بات چیت کی اور انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت اور فوج شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران مقامی شہریوں کی حفاظت کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے گی۔

گزشتہ ہفتے مقامی مشران نے دھمکی دی تھی کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025