غصے کی تیز ہوں، شوہر کی وجہ سے شادی کامیاب ہوئی، سارہ عمیر
ماضی کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ غصے کی تیز ہیں اور اگر اُن کے شوہر اُن جیسے مزاج کے ہوتے، تو شاید اُن کی شادی کامیاب نہ ہو پاتی۔
سارہ عمیر نے حال ہی میں مارننگ شو میزبان ندا یاسر کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی اور کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی محبت کی شادی تھی، محسن طلعت سے اُن کا تعلق 20 سال پر محیط ہے، جبکہ اُن کی شادی کو 9 سال گزر چکے ہیں۔
سارہ عمیر کے مطابق جب وہ پہلی بار محسن سے ملیں تو وہ ایک ڈرامے کے آڈیشن کے لیے گئی تھیں چونکہ ڈائریکٹر کا نام محسن طلعت تھا، انہوں نے گمان کیا کہ وہ ایک بڑی عمر کے شخص ہوں گے، مگر جب ملاقات ہوئی تو وہ ایک نوجوان اور باوقار شخصیت نکلے جنہیں دیکھ کر مجھے پہلی نظر میں محبت ہوگئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ آڈیشن دینے گئی تھیں مگر دل دے کر واپس آئیں، محسن کے بولنے کا انداز، زبان کی مٹھاس اور شائستگی نے انہیں بے حد متاثر کیا۔
اُن کے مطابق معاشرے میں ایسے مرد کم ہوتے ہیں جو اتنی محبت اور نرمی سے بات کرتے ہیں۔
سارہ نے کہا کہ اُن کے خاندان کے مرد اکثر اونچی آواز میں بات کرتے ہیں، لیکن محسن سے ملاقات کے بعد ان کا مردوں سے متعلق نظریہ بدل گیا کہ مرد بھی نرمی، محبت اور شائستگی سے بات کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں میرے شوہر مجھے جھیلتے ہیں، کیونکہ میں بہت غصے کی تیز ہوں، اگر محسن بھی میرے جیسی طبیعت کے ہوتے تو شاید ہماری شادی نہ چل پاتی، ہماری شادی کی کامیابی کا راز محسن کا صبر اور شائستگی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کے رشتے میں وقتاً فوقتاً کئی اتار چڑھاؤ آئے، بعض اوقات ایسا لگا کہ یہ رشتہ ختم ہو جائے گا، لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کے درمیان محبت اور ہم آہنگی قائم رکھی اور وہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
سارہ عمیر نے بتایا کہ ان کی محسن سے پہلی ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ صرف 17 سال کی تھیں اور محسن کی عمر 27 سال تھی اور تب سے وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ ان کے دونوں بیٹے اپنے والد جیسے بنیں، محسن ہر رشتے کو بخوبی نبھاتے ہیں، لیکن جس طرح وہ اپنے والدین سے تعلق رکھتے ہیں، میں چاہتی ہوں کہ دنیا کا ہر بچہ محسن جیسا ہو۔
سارہ عمیر نے مزید بتایا کہ انہوں نے شادی کے بعد اپنی مرضی سے شوبز سے وقفہ لیا تاکہ اپنی ازدواجی زندگی اور بچوں پر توجہ دے سکیں، ان کے دو بیٹے ہیں اور اب جب کہ بچے بڑے ہوچکے ہیں، سارہ نے دوبارہ اداکاری کی دنیا میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔












لائیو ٹی وی