’پیناڈول روزانہ‘، نعمان اعجاز کا بچوں کی چھٹیوں پر ماؤں کیلئے مشورہ
معروف اداکار نعمان اعجاز نے بچوں کی چھٹیوں سے متعلق ماؤں کے لیے دلچسپ احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہوئے انھیں روزانہ پیناڈول کھانے کا مشورہ دے دیا۔
اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متعدد اسٹوریز شیئر کیں، ایک اسٹوری میں اداکار نے لکھا کہ اپنی مالی زندگی کو سنجیدگی سے لیں۔

اداکار کے مطابق پیسے سب کچھ نہیں ہوتا لیکن ہر چیز کے لیے پیسے کی ضرورت ضرور پڑتی ہے۔
اس اسٹوری کے علاوہ، نعمان اعجاز نے ایک اور مزاحیہ اسٹوری بھی شیئر کی، جو اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے اعلان کے حوالے سے تھی۔

انہوں نے لکھا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان سن کر نانا اور نانی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ماموں نے سر پکڑ لیا، ممانیوں نے سر پر کپڑا باندھ لیا، جب کہ کچھ ممانیوں کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
اداکار نے ایک تیسری اسٹوری میں ماؤں کے لیے بچوں کی چھٹیوں کے دوران احتیاطی تدابیر بھی مزاحیہ انداز میں بیان کیں۔

انہوں نے لکھا کہ پیناڈول روزانہ 14 اگست تک، سر پر باندھنے کے لیے ایک عدد نرم کپڑا، ایک عدد جھاڑو یا ڈنڈا، اور ایک عدد ہیڈ فون، سب مائیں اپنی تیاری کرلیں۔