باغ: پولیس وین گہری کھائی میں جاگری، 5 پولیس اہلکار جاں بحق
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں پولیس وین گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق باغ آزاد کشمیر میں تولی پیر کے مقام پر پولیس کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
گاڑی میں سوار آزاد کشمیر پولیس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذاکر اعوان، انسپکٹر نوید احمد، انسپکٹر یاسر کیانی، انسپکٹر علی بخاری اور کانسٹیبل محمد فہیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور مقامی رضا کار موقع پر پہنچے، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
دوسری جانب، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے تولی پیر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور ڈی آئی جی پونچھ کو حادثہ کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
ادھر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔