شہباز شریف نئی ٹیرف پالیسی کا اعلان جلد کریں گے، وفاقی وزیر توانائی
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف جلد نئی ٹیرف پالیسی کا اعلان کریں گے، جس سے صنعتوں کے مزید مسابقتی ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایک اہم پالیسی تبدیلی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ 26-2025 میں اعلان کیے جانے والے جامع پانچ سالہ ٹیرف اصلاحات کے منصوبے کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد کسٹم ڈیوٹی، اضافی کسٹم ڈیوٹی، خام مال اور نیم تیار اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی، اور مخصوص صنعتوں کے لیے مجموعی محصولات کے تحفظات میں مرحلہ وار کمی کرنا ہے۔
اگلے روز وزیر اعظم شہاز شریف نے پانچ سالہ قومی ٹیرف پالیسی کو نافذ کرنے، ٹیرف سے متعلق میکرو اکنامک اشاریوں کی نگرانی، اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور برآمدات کے لیے صنعتی سرپلس پیدا کرنے کے لیے ایک مضبوط بیانیہ تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ اختیاراتی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی تھی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق آج اسلام آباد میں انرجی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ سال صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد کمی کی ہے۔
اویس لغاری نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے نقصانات میں کمی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قابل تجدید توانائی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اس نے گزشتہ چند مہینوں میں فرنس آئل پر مبنی 3 ہزار میگا واٹ کے پلانٹ بند کر دیے ہیں۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئندہ 2 سے 3 ماہ میں بلوچستان میں 27 ہزار زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا۔













لائیو ٹی وی