• KHI: Clear 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Cloudy 12.6°C
  • KHI: Clear 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Cloudy 12.6°C

والدہ نے کبھی پابندی نہیں لگائی، علیزے شاہ کا لباس پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

شائع June 1, 2025
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

مقبول ماڈل و اداکارہ علیزے شاہ نے حالیہ دنوں میں اپنے لباس پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بچپن سے ہی ایسے کپڑے پہنے ہیں اور ان کی والدہ نے کبھی ان پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی۔

علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر متعدد اسٹوریز پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنی مرضی سے لباس پہننے کا پورا حق حاصل ہے اور وہ کسی کی منظوری کی محتاج نہیں۔

علیزے شاہ نے لکھا کہ میں نے بچپن سے ہی بغیر آستینوں کے کپڑے، شارٹس اور اسکرٹس پہنی ہیں، میری والدہ نے کبھی مجھ پر روایتی لباس مسلط نہیں کیا، والدہ نے محبت اور آزادی کے ساتھ پرورش دی، نہ کہ پابندیوں کے ساتھ۔

انہوں نے مزید لکھا کہ یہ صرف لباس کی بات نہیں، یہ کنٹرول کی بات ہے، لوگ صرف اس لیے پریشان ہیں کہ میں پُراعتماد ہوں؟ میں کسی کی قبولیت کی محتاج نہیں، جو کچھ میں نے حاصل کیا ہے، وہ اپنی محنت سے حاصل کیا ہے اور اس کے لیے مجھے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

علیزے شاہ نے کہا کہ میری زندگی، میری مرضی ہے، جو لوگ دوسروں پر فتوے لگاتے ہیں، انہیں پہلے اپنے اعمال پر غور کرنا چاہیے۔

اداکارہ نے قرآن کی آیت ’دین میں کوئی زبردستی نہیں‘ (البقرہ: 256) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کو برقع پہننے یا اپنا پیشہ چھوڑنے پر مجبور کرنا اسلام نہیں سکھاتا۔

انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا اگر آپ کو لگتا ہے کہ خواتین آن لائن غلط کر رہی ہیں، تو اداکاراؤں یا انفلوئنسرز کو دیکھنا بھی اتنا ہی بڑا مسئلہ ہے، اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے اعمال پر غور کریں۔

خیال رہے کہ علیزے شاہ کو ان کے لباس کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس سے قبل بھی وہ مختلف مواقع پر اپنے انداز اور ملبوسات کے باعث تنقید کی زد میں آچکی ہیں، تاہم ہر بار انہوں نے اپنے موقف کا دفاع کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025