• KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C
  • KHI: Clear 25.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Cloudy 16.9°C

ثنا یوسف کا قاتل گرفتار، ملزم نے دوستی سے انکار پر ٹک ٹاکر کو قتل کیا، آئی جی اسلام آباد کا دعویٰ

شائع June 3, 2025
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

اسلام آباد میں قتل ہونے والی ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کو گرفتار کرلیا گیا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے دوستی سے انکار پر ثنا کو قتل کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے 24 گھنٹے سے بھی پہلے ڈھونڈ نکالا۔

ملزم عمر حیات قتل کرکے فیصل آباد فرار ہوگیا تھا، مقتولہ ٹک ٹاکر کے قتل کے بعد فرار کی سی سی ٹی وی ویڈیو نے ملزم کا بھانڈا پھوڑ دیا، پولیس نے قاتل کو فیصل آباد سے گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اندھے قتل کیس کے ملزم کو ڈھونڈنا اسلام آباد پولیس کے لیے بڑا چیلنج تھا، ثنا یوسف کو شام 5 بجے کے قریب دو گولیاں لگیں، جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ ملزم بار بار ثنا یوسف سے رابطہ کر رہا تھا اور ٹک ٹاکر اس سے دوستی سے انکار کررہی تھی، جس کے بعد ملزم نے قتل کا منصوبہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم میٹرک پاس اور کوئی ذریعہ معاش بھی نہیں، ثبوت مٹانے کے لیے ملزم مقتولہ کا موبائل فون اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ ملزم عمر حیات پولیس کی گرفت میں ہے اور اسے ناقابل تردید شواہد کے ساتھ تختہ دار تک پہنچایا جائے گا۔

’ویلڈن اسلام آباد پولیس‘

دوسری جانب، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹک ٹاکر کے قتل کی گرفتاری پراسلام آباد پولیس کی ستائش کی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر محسن نقوی نے لکھا کہ گزشتہ روز ماسک پہنے شخص نے ٹک ٹاکر کو قتل کیا تھا جب کہ پولیس نے ثنا یوسف کے قاتل کو 20 گھنٹے میں پکڑ لیا، شاباش اسلام آباد پولیس!

مزید کہا کہ پولیس نے ملزم سے پستول اور مقتولہ کا موبائل فون بھی برآمد کرلیا، ملزم نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

اس سے قبل، اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں قتل کرنے کا مقدمہ والدہ کی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق پیر کو شام پانچ بجے ملزم گھر داخل ہوا اور ثناء یوسف پر فائرنگ کردی، دوگولیاں ثناء یوسف کے سینے میں لگیں ۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025