اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 21 ہزار کی حد بھی عبور کرگئی، 1347 پوائنٹس کا اضافہ

شائع June 4, 2025
— فائل فوٹو: کینوا
— فائل فوٹو: کینوا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو بجٹ کے اعلان سے قبل کاروبار کے دوران شیئرز میں 1358 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ ایک 21 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگئی۔

بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی کا رجحان رہا، دن بھر معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1347.99 پوائنٹس یا 1.21 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 21 ہزار 798 پوائنٹس پر بند ہوا، آج کاروبار کا آغاز ایک لاکھ 20 ہزار 450 پوائنٹس پر ہوا تھا۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی ریسرچ ہیڈ ثنا توفیق کے مطابق اس تیزی کی وجہ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان ایک نئے مالیاتی پیکیج کی منظوری کی خبر ہے۔

فلپائن میں قائم بینک کے بیان کے مطابق اے ڈی بی نے پاکستان میں مالیاتی استحکام کو مضبوط کرنے اور عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے 800 ملین ڈالر کے پروگرام کی منظوری دی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’بہتر وسائل کی وصولی اور استعمال میں اصلاحات کے پروگرام‘ کے ذیلی پروگرام 2 میں 30 کروڑ ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض اور اے ڈی بی کی جانب سے پہلی بار 50 کروڑ ڈالر تک کی پالیسی پر مبنی گارنٹی شامل ہے، جس سے کمرشل بینکوں سے ایک ارب ڈالر تک کی فنانسنگ متوقع ہے۔

ثنا توفیق نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آغاز میں تصحیح کے بعد اسٹاک ویلیوایشنز ’پرکشش سطح‘ پر پہنچ گئی تھیں، جس نے سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آخر میں ادارہ جاتی خریداری میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے لیکویڈیٹی میں بہتری آئی ہے۔

چیز سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق کے مطابق مارکیٹ نے تاریخی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے کیونکہ سرمایہ کار بجٹ سے متعلق منفی خبروں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ توقعات بڑھ رہی ہیں کہ معاشی استحکام برقرار رہے گا اور سود کی شرحیں بتدریج کم ہوں گی، جس سے اسٹاک مارکیٹ کے پرائس ٹو ارننگ (پی ای) ریٹ بڑھنے کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مارکیٹ تیزی کے دوسرے مرحلے (یعنی ایکیوملیشن کے مرحلے سے عوامی شرکت یا رفتار) میں داخل ہو رہی ہے، جس کی خصوصیات میں عوام کی بڑھتی ہوئی شمولیت، اسٹاک مارکیٹ کی حجم میں اضافہ، پی ای ملٹی پل میں بتدریج توسیع، اور معاشی بحالی کی واضح علامات شامل ہیں۔

یوسف فاروق کے مطابق ٹیکسوں میں کمی جیسے اقدامات جو کارپوریٹ منافع میں اضافہ کرتے ہیں اور آئی ایم ایف کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑے پیمانے پر ڈیجیٹائزیشن کی طرف اٹھائے گئے اقدامات بھی اسٹاک مارکیٹ کے رجحان کو مثبت سمت میں لے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025