• KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.9°C

’میرا جسم میری مرضی‘ کا مطلب فحاشی نہیں، میرا سیٹھی

شائع June 5, 2025
’میرا جسم میری مرضی‘ کا مطلب فحاشی نہیں، بلکہ خواتین کے حقوق کی وضاحت ہے، میرا سیٹھی—فوٹو: انسٹاگرام
’میرا جسم میری مرضی‘ کا مطلب فحاشی نہیں، بلکہ خواتین کے حقوق کی وضاحت ہے، میرا سیٹھی—فوٹو: انسٹاگرام

نامور اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ ’میرا جسم، میری مرضی‘ کا مطلب فحاشی پھیلانا نہیں بلکہ خواتین کے حقوق کی وضاحت ہے۔

میرا سیٹھی نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران ’میرا جسم، میری مرضی‘ کے نعرے کا مطلب سمجھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سال جب عورت مارچ منعقد ہوتا ہے، تو اس نعرے پر ایک بحث شروع ہوجاتی ہے۔

میرا سیٹھی کے مطابق اس نعرے کو اکثر غلط سمجھا جاتا ہے اور جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نعرہ نہ تو فحاشی کی ترویج ہے اور نہ ہی بغاوت کا پیغام بلکہ یہ خواتین کی جسمانی خودمختاری اور اپنی زندگی سے متعلق فیصلے کرنے کے حق کی نمائندگی کرتا ہے۔

میرا سیٹھی نے وضاحت کی کہ ’میرا جسم، میری مرضی‘ دراصل رضامندی، خود ارادیت اور تشدد سے آزادی کا مطالبہ ہے۔

ان کے مطابق اس نعرے کا مطلب یہ ہے کہ خواتین کو ’نہ‘ کہنے کا حق حاصل ہونا چاہیے اور انہیں شادی، ولادت یا ذاتی تحفظ جیسے معاملات میں اپنے جسم پر مکمل اختیار حاصل ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے قدامت پسند عناصر اس پیغام کو اکثر توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ایسا تاثر دیا جاتا ہے کہ جیسے خواتین سماجی اقدار کو چیلنج کررہی ہیں جب کہ حقیقت میں یہ نعرہ بنیادی انسانی حقوق کی بات کرتا ہے۔

میرا سیٹھی نے عوام پر زور دیا کہ وہ ان الفاظ پر جذباتی ردعمل دینے کے بجائے سنجیدہ اور بامعنی مکالمے میں حصہ لیں، خاص طور پر جب وہ ان نعروں کو مکمل طور پر سمجھنے سے قاصر ہوں۔

انہوں نے پاکستان میں خواتین کے حقوق سے متعلق پائے جانے والے منفی تاثر کو کم کرنے کے لیے تعلیم اور آگاہی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ ہر سال عورت مارچ کو اس نعرے کی وجہ سے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025