• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

پروگرام پلانٹڈ تھا، ساحل عدیم کے ساتھ جان بوجھ کر بدتمیزی کی گئی، خلیل الرحمٰن قمر

شائع June 5, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے گزشتہ سال ہونے والے ٹی وی شو کو پری پلانٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساحل عدیم کے ساتھ اس پروگرام میں جان بوجھ کر بدتمیزی کی گئی۔

خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ’دی بلو ٹرتھ ڈیجیٹل‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی فنکاروں کی خاموشی پر خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ جو لوگ اس معاملے میں خاموش رہے، وہ بے غیرت ہیں، اگر ان کا خیال ہے کہ خاموش رہنے سے انہیں بھارت میں کام مل جائے گا تو انہیں وہیں چلے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جتنی بھارت سے لکھنے کی آفرز آئیں، اتنی کسی کو بھی نہیں آئی ہونگی لیکن میں وہاں اُس وقت تک کام نہیں کروں گا جب تک مجھے وہاں بحیثیت پاکستانی عزت نہیں دی جائے گی۔

پوڈکاسٹ کے دوران خلیل الرحمٰن قمر نے گزشتہ سال خبروں میں رہنے والے ٹی وی شو میں ہونے والے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پلانٹڈ تھا، جس کا مجھے علم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران جب ساحل عدیم خواتین کو جاہل کہہ رہے تھے تو میں انہیں ٹوکنے ہی والا تھا کہ آپ سب کو جاہل نہیں کہہ سکتے، کیونکہ میرے نزدیک تو وہ انسان جاہل ہے جس نے قرآن کو ترجمے کے ساتھ نہیں پڑھا اور اس میں مرد بھی شامل ہیں لیکن میرے ٹوکنے سے پہلے ہی وہ لڑکی بول پڑی۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پروگرام کے دوران جو بات مجھے حیران کن لگی وہ یہ تھی کہ ایک خاتون عالم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کررہی تھی، ساحل عدیم ایک بڑے اسکالر ہیں جنہیں میں پسند کرتا ہوں۔

خلیل الرحمٰن قمر کے مطابق اس پروگرام میں ساحل عدیم کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وہ بھی ایک انسان ہیں اور غلطیاں انسانوں سے ہی ہوتی ہیں، یہی بات مجھے غصہ دلانے کا باعث بنی اور وہ لوگ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے۔

یاد رہے کہ ساحل عدیم نے پچھلے سال جون کے آخری ہفتے میں سماء ٹی وی پر نشر ہونے والے عائشہ جہانزیب کے پروگرام میں بحث کے دوران ملک کی 95 فیصد خواتین جبکہ محض 25 فیصد مردوں کو جاہل قرار دیا تھا۔

ساحل عدیم کا کہنا تھا کہ اگر 100 خواتین کا جائزہ لیا جائے تو 95 فیصد خواتین جاہل نکلیں گی، انہیں صرف میک اپ اور ٹک ٹاک کا علم ہوگا، انہیں طاغوت کا مطلب تک نہیں معلوم ہوگا۔

موٹیویشنل اسپیکر کی جانب سے ملک کی 95 فیصد خواتین کو جاہل قرار دیے جانے پر پروگرام میں موجود ایک لڑکی نے ان سے اختلاف کرتے ہوئے ان سے پروگرام کے دوران ہی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

لڑکی نے دلیل دی تھی کہ 95 فیصد خواتین کو جاہل قرار دیے جانے کے شواہد اور ثبوت پیش کیے جائیں اور یہ کہ ملک کی خواتین کو مردوں نے ہی جاہل بنا رکھا ہے۔

اسی پروگرام کے دوران موٹیویشنل اسپیکر اور مذکورہ لڑکی کے درمیان بحث کے وقت ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر بھی درمیان میں آگئے اور انہوں نے لڑکی کو جھاڑ پلادی۔

اس واقعے کے بعد ساحل عدیم، خلیل الرحمٰن قمر اور پروگرام کی میزبان عائشہ جہانزیب کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025