پی ٹی آئی ’سیاسی تحریک‘ شروع نہیں کر سکتی، مسلم لیگ (ن) پراعتماد

شائع June 6, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اب کوئی اہم سیاسی تحریک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی کیونکہ وہ پہلے ہی اپنا وقار کھو چکی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے عمران خان کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حکمت عملیوں میں تضادات کی نشاندہی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ وہ انقلاب کے لیے لاکھوں افراد کو اکٹھا کر سکتی ہے، لیکن اب وہ اپنے ریاست مخالف ایجنڈے کے لیے ماہ رنگ بلوچ جیسی خاتون کے پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، یہ حیرت کی بات نہیں ہوگی کہ اگر وہ کل کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ساتھ مل جائیں‘۔

پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاج کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ ’عمران خان اپنی مقبولیت کے عروج پر بھی عوامی حمایت حاصل نہیں کر سکے تھے، اب جب کہ وہ جیل میں ہیں، وہ کوئی بھی فرق لانے سے بالکل قاصر ہیں۔ زخمی ٹانگ کے ساتھ عمران خان نے لانگ مارچ کی قیادت کی تاکہ سید عاصم منیر کے بطور آرمی چیف تقرر کو روک سکیں لیکن وہ عوامی حمایت حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہے‘۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے پی ٹی آئی کے جیل میں بند بانی عمران خان کے ساتھ بیک چینل مذاکرات کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان سے کسی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ کے اہلکار نے جیل میں ملاقات نہیں کی اور نہ ہی انہیں کوئی پیشکش کی گئی ہے نہ ہی کوئی تجویز دی گئی ہے، ایسے تمام دعوے سراسر بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد صرف پی ٹی آئی کے حامیوں کو گمراہ کرنا ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025