• KHI: Sunny 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Cloudy 18.6°C
  • KHI: Sunny 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.9°C
  • ISB: Cloudy 18.6°C

مشی خان کا پیمرا سے تشدد دکھانے والے ڈراموں پر ایکشن لینے کا مطالبہ

شائع June 6, 2025
—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ یوٹیوب (اسکرین گریب)
—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ یوٹیوب (اسکرین گریب)

اداکارہ مشی خان نے ڈرامہ سیریل ’من مست ملنگ‘ میں دکھائے جانے والے تشدد اور رومانوی مناظر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پیمرا سے سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں بڑھتی ہوئی رومانویت اور تشدد پر سخت تنقید کی۔

مشی خان نے کہا کہ میرا سوال پیمرا سے ہے کہ آپ لوگوں کی کمیٹی کہاں ہے؟ کیا وہ سو رہی ہے؟ کیا پیمرا کو نظر نہیں آرہا کہ اس وقت ٹیلی وژن پر کس قسم کے ڈرامے دکھائے جارہے ہیں؟ خاص طور پر ڈراما سیریل ’من مست ملنگ‘ میں کیسے مناظر دکھائے جارہے ہیں؟

مشی خان کے مطابق ’من مست ملنگ‘ میں حد سے زیادہ تشدد اور رومانوی مناظر دکھائے گئے ہیں جو کہ انتہائی نازیبا ہیں، ایسے ڈراموں کے ذریعے آپ لوگ ہمارے معاشرے میں کس قسم کی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’من مست ملنگ‘ اور ’بہروپیا‘ جیسے ڈراموں میں دکھایا گیا ہے کہ ہیرو، خاتون سے رومانوی مناظر کے فوراً بعد اس پر تشدد کرتا ہے اور پھر شیطانی انداز میں ہنستا ہے، یہ کس قسم کے ڈرامے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ دانش تیمور نے یہ تہیہ کرلیا ہے کہ انہیں ہمیشہ ایک ایسے عاشق کا کردار ہی کرنا ہے جو جنونی ہوتا ہے، وہ ہر بات پر ڈرامے میں ہیروئن پر تشدد کرتے ہیں۔

مشی خان کا کہنا تھا کہا کہ آج دانش تیمور ایسے ڈراموں میں اداکاری کررہے ہیں، جن میں وہ ہیروئن کے انتہائی قریب ہوتے ہیں اور اگلے سال رمضان ٹرانسمیشن میں وہ ہمیں اسلام کی تعلیم دے رہے ہوں گے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط۔

آخر میں مشی خان نے پیمرا سے اپیل کی کہ خدا کا واسطہ ہے، آپ ایسے ڈراموں کے خلاف ایکشن لیں جن میں تشدد کو معمول بنا دیا گیا ہے، یہ ڈرامے ہر گھر میں دیکھے جا رہے ہیں، جن کا معاشرے پر بہت منفی اثر پڑ رہا ہے، آخر کیوں ہم ایسے ڈرامے نہیں دکھاتے جو معاشرے پر مثبت اثر ڈالیں؟

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025