عیدالاضحیٰ کے موقع پر میگا بجٹ فلمیں ’لو گرو‘ اور ’دیمک‘ ریلیز، شائقین میں جوش و خروش
عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر جہاں پاکستانی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنی ہیں، وہیں کچھ بین الاقوامی فلموں کو بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
اس بار دو نئی پاکستانی فلمیں ریلیز کی گئی ہیں، جن میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی رومانوی مزاحیہ فلم ’لو گُرو‘ اور سونیا حسین و فیصل قریشی کی ہارر کامیڈی فلم ’دیمک‘ شامل ہے۔
’لو گُرو‘
’لو گُرو‘ گزشتہ تین سالوں میں ریلیز ہونے والی پہلی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ہے، اس سے قبل آخری بار ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جیسی بڑی فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
اگرچہ فلم کا ٹریلر کہانی کو مکمل طور پر ظاہر نہیں کرتا، تاہم اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمایوں سعید ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئیں گے، جو بعد ازاں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی طرف سے ملنے والی ایک ذمے داری کے بعد سچی محبت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جب کہ ہمایوں سعید کو ایک ایسے کردار میں پیش کیا گیا ہے جو مختلف لڑکیوں کو اپنے عشق کے جال میں پھنساتا ہے۔
فلم کی کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے، ہدایت کاری ندیم بیگ نے کی ہے، اور اسے ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے تیار کیا ہے۔
’لو گُرو‘ کو اے آر وائی فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جا رہا ہے، فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتو اور پنجابی تڑکے والی مزاح بھی شامل ہے، جو شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گی۔
’دیمک‘
فلم کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں، ہدایت کاری رافع راشدی نے کی ہے، جب کہ سید مراد علی فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
فلم کے جاری کردہ ٹریلر سے کہانی کی مکمل تفہیم مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں ثمینہ پیرزادہ ایک پیچیدہ اور مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، کہانی فیصل قریشی، ان کی اہلیہ سونیا حسین اور ان کی والدہ ثمینہ پیرزادہ کے گرد گھومتی ہے۔
بین الاقوامی فلمیں
عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی فلموں کے ساتھ ساتھ کچھ بین الاقوامی فلمیں بھی سینما گھروں میں پیش کی گئی ہیں، جن میں ترکیہ کی ’سِجّین 8‘ اور انڈونیشین فلم ’جن 3‘ شامل ہے۔
واضح رہے کہ اس سال عیدالاضحیٰ پر سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے، یہ اقدام مقامی سینما کو فروغ دینے کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔
ایک طویل وقفے کے بعد پاکستانی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں، اسی لیے ’لو گُرو‘ اور ’دیمک‘ کے درمیان باکس آفس پر سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے، تاہم شائقین اور فلمی مبصرین کے اندازوں کے مطابق ’لو گرو‘ کمائی کے اعتبار سے ’دیمک‘ کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے اور ہمایوں سعید و ماہرہ خان کی فلم ممکنہ طور پر نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔
دونوں فلموں کے پریمیئرز رواں ہفتے کراچی میں منعقد ہوئے، پہلے ’دیمک‘ کا پریمیئر ہوا، جب کہ 5 جون کی شب کو ’لو گرو‘ کا شاندار پریمیئر منعقد کیا گیا۔
ہمایوں سعید نے فلم کی پروموشن کے دوران بتایا کہ ’لو گرو‘ ان کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہے، جس پر 25 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے اور وہ پرامید ہیں کہ فلم 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کرے گی۔
فلمی شائقین کی ایک بڑی تعداد ان فلموں کی ریلیز پر پُرجوش ہے اور سینما جاکر یہ فلمیں دیکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔












لائیو ٹی وی