بی ٹی ایس کے تمام فنکاروں کی فوجی تربیت مکمل ہونے کے قریب، مداحوں میں خوشی کی لہر
جنوبی کوریا کا میوزیکل بینڈ ’بی ٹی ایس‘ بہت جلد ایک بار پھر متحد ہونے والا ہے، کیونکہ گروپ کے مزید دو موسیقاروں نے لازمی فوجی تربیت مکمل کرلی ہے۔
کورین میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس میں 7 گلوکار شامل ہیں، جو اپنی آواز کے ساتھ ساتھ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بھی دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں، یہ بینڈ جنوبی کوریا کے شہر سیول سے تعلق رکھنے والے 7 نوجوانوں نے 2013 میں تشکیل دیا تھا۔
ابتدا میں اس بینڈ کا نام ’بینگٹین بوائز‘ رکھا گیا تھا، جسے بعد ازاں 2017 میں تبدیل کرکے ’بی ٹی ایس‘ (Beyond The Scene) کر دیا گیا۔
اس بینڈ نے ہپ ہاپ میوزک سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم اب یہ مختلف طرز کی موسیقی میں بھی گانے ریلیز کرتا ہے، اس بینڈ میں جنگ کک، پارک جیمن، وی، شوگا، جن، آر ایم، اور جنگ ہوسیوک شامل ہیں۔
گزشتہ روز گروپ کے دو گلوکار گروپ لیڈر آر ایم اور وی لازمی فوجی تربیت مکمل کرنے کے بعد فارغ ہوئے، جب کہ آج گروپ کے مزید دو رکن جنگ کک اور پارک جیمن نے بھی فوجی تربیت مکمل کرلی ہے۔
گروپ کے آخری رکن شوگا بھی رواں ماہ کے آخر تک اپنی فوجی تربیت مکمل کرکے باقی ساتھیوں کو جوائن کرلیں گے، بی ٹی ایس کے دیگر گلوکار جن اور جنگ ہوسیوک پہلے ہی اپنی فوجی تربیت مکمل کرچکے ہیں۔
یہ کورین بینڈ نہ صرف جنوبی کوریا میں بلکہ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہے اور مداح اپنے پسندیدہ فنکاروں کی واپسی پر انتہائی خوش ہیں۔
فنکاروں کی واپسی کے موقع پر دنیا بھر سے تقریباً 200 سے زائد غیر ملکی مداح، آسٹریلیا، میکسیکو، ترکیہ اور برازیل جیسے ممالک سے جنوبی کوریا پہنچے تاکہ اپنے پسندیدہ فنکاروں کو خوش آمدید کہہ سکیں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں 18 سے 28 سال کے تمام جسمانی طور پر صحت مند مردوں کے لیے تقریباً 2 سال کی لازمی فوجی سروس ضروری ہوتی ہے، تاہم بی ٹی ایس کے گلوکاروں کے لیے خاص رعایت کے تحت اس عمر کی حد 30 سال تک بڑھادی گئی تھی۔
بی ٹی ایس کی منیجمنٹ کمپنی ’ہائب‘ کے مطابق گروپ کی 12ویں سالگرہ کے موقع پر جون کے وسط میں ’بی ٹی ایس فیسٹا‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اگرچہ اب تک اس میں فنکاروں کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مداحوں کو اس موقع پر کوئی خاص اعلان سننے کو مل سکتا ہے۔
اب جب کہ بی ٹی ایس کے تمام فنکار اپنی فوجی تربیت مکمل کرنے والے ہیں، اس لیے امید کی جارہی ہے کہ رواں سال کے آخر تک گروپ کی جانب سے باضابطہ طور پر نیا میوزک البم ریلیز کیا جاسکتا ہے۔












لائیو ٹی وی