ٹرمپ کا امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا جانے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پاگیا ہے، یہ اعلان واشنگٹن اور بیجنگ کے مذاکرات کاروں کے درمیان ایک فریم ورک پر اتفاق رائے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم لکھا کہ،’ ہمارا چین کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا ہے، جس کی حتمی منظوری صدر شی جن پنگ اور میری طرف سے ہونا باقی ہے۔’
انہوں نے مزید کہا کہ چین کی طرف سے مکمل مقناطیس اور ضروری نایاب دھاتیں پیشگی فراہم کی جائیں گی، اسی طرح، ہم چین کو وہ فراہم کریں گے جس پر اتفاق ہوا تھا، بشمول چینی طلبا کا ہمارے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنا، ہمیں کل 55فیصد اور چین کو 10 فیصد ٹیرف مل رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ 55 فیصد ٹیرف میں وہ 10 فیصد ’ باہمی’ ٹیرف شامل ہیں جو ٹرمپ نے تقریباً تمام امریکی تجارتی شراکت داروں سے درآمد شدہ اشیا پر لگائے ہیں، چینی درآمدات پر 20 فیصد اضافی ٹیرف بھی شامل ہیں جو ٹرمپ نے چین، میکسیکو اور کینیڈا پر لگائے ہیں کیونکہ ان پر نشہ آور کیمیکل ( فینٹینیل ) کی امریکا میں ترسیل میں سہولت کاری کا الزام ہے۔
ان کے علاوہ 25 فیصد کے پہلے سے موجود ٹیرف بھی شامل ہیں جو ٹرمپ کے پہلے وائٹ ہاؤس کی مدت کے دوران چین سے درآمدات پر لگائے گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد میں پوسٹ کیا:’ صدر شی اور میں چین میں امریکی تجارت کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے، یہ دونوں ممالک کے لیے ایک بڑی جیت ہوگی!!!’
قبل ازیں امریکا اور چین کے درمیان لندن میں جاری تجارتی مذاکرات کے دوران ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی تھی جب دونوں ممالک ایک ایسے فریم ورک پر متفق ہوگئے جس کا مقصد برآمدی پابندیوں میں نرمی لانا اور باہمی ٹیرف جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہے۔
گذشتہ روز امریکی اور چینی حکام نے کہا تھا کہ وہ ایک فریم ورک پر متفق ہوگئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ بندی کو دوبارہ درست سمت میں لانا اور بیجنگ کی جانب سے نایاب معدنیات کی برآمدات پر عائد پابندیوں کا خاتمہ ہے، تاہم دیرینہ تجارتی اختلافات کے مستقل حل کے حوالے سے کوئی واضح اشارہ نہیں دیا گیا تھا۔
لندن میں دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ یہ فریم ورک معاہدہ جنیوا میں گزشتہ ماہ طے پانے والے سمجھوتے کو مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف میں نرمی لانا تھا، کیونکہ یہ شرحیں تین ہندسوں تک پہنچ چکی تھیں اور تباہ کن حد اختیار کرگئی تھیں۔













لائیو ٹی وی