مئی میں ایس ای سی پی نے ریکارڈ 3 ہزار 609 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کر لیں

شائع June 12, 2025
—فائل فوٹو: ایس ای سی پی ویب سائٹ
—فائل فوٹو: ایس ای سی پی ویب سائٹ

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مئی 2025 میں 3 ہزار 609 کمپنیوں کی تاریخی بلند ترین رجسٹریشن کی ہے، جو جنوری 2025 میں قائم کردہ 3,442 کے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ گئی ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس دوران 2.7 ارب روپے سے زائد کا سرمایہ اکٹھا کیا گیا، جبکہ تقریباً 99.9 فیصد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن اب ڈیجیٹل طریقے سے کی جا رہی ہے، یہ بڑھتا ہوا رجحان سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور ایس ای سی پی کی ڈیجیٹل اصلاحات کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے، جن کا مقصد کاروبار کی رجسٹریشن کو آسان بنانا اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی اپنے ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنا کر، شفافیت کو بہتر بنا کر، اور پاکستان بھر میں ایک جامع، سرمایہ کار دوست کارپوریٹ ماحول کو فروغ دے کر کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، اس اضافے سے ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد2 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں کل رجسٹریشن کا 59 فیصد، جبکہ سنگل ممبر کمپنیاں 37 فیصد تھیں، بقیہ 4 فیصد میں پبلک ان لسٹڈ کمپنیاں، ناٹ فار پرافٹ آرگنائزیشنز، گارنٹی لمیٹڈ کمپنیاں، اور لمیٹڈ لائبلٹی پارٹنرشپس (ایل ایل پیز) شامل ہیں۔

مزید کہا گیا کہ شعبہ جاتی ترقی پر گہری نظر ڈالنے سے متعدد صنعتوں میں مضبوط سرگرمی کا پتا چلتا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ای کامرس کے شعبوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، جہاں 718 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔

اسی طرح ٹریڈنگ سیکٹر میں 506 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں، جبکہ سروسز میں 447 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

مزید تفصیلات کے مطابق رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اور کنسٹرکشن میں 342 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، اس کے بعد سیاحت اور ٹرانسپورٹ میں 237، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 187، اور تعلیم میں 160 کمپنیاں شامل ہوئیں، دیگر نمایاں شعبوں میں مائننگ اینڈ کوارینگ (89)، فارماسیوٹیکل (78)، ٹیکسٹائل (74)، مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزمنٹ (72)، کاسمیٹکس اینڈ ٹوائلٹریز (67)، انجینئرنگ (62)، اور ہیلتھ کیئر (51) شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025