پنجاب اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

شائع June 13, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب اسمبلی نے صہیونی ریاست کی جانب سے ایران پر حملے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب اسمبلی میں پیش کی۔

قراردار میں کہا گہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر درجنوں حملے کیے گئے اور ایرانی جوہری وعسکری مقامات کو نشانہ بنایا گیا، یہ ایوان ایران پر اسرائیلی حملے کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہے، جس میں میجر جنرل محمد باقری، میجر حسین سلامی سمیت 6 جوہری سائنسدان اور 5 شہری شہید جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کے مطابق خطے میں اسرائیلی ظلم کا تسلسل برقرار ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔

اسرائیل کی مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم اور خواتین و بچوں کو شہید کرنے کی داستان دنیا کے سامنے ہے، دنیا عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے، پنجاب اسمبلی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

قراردارمیں مزید کہا گیا کہ جس طرح دنیا نے پاک-بھارت تنازع میں ثالثی کا کردارادا کیا وہ اسرائیلی کو روکنے کےلیے بھی اپنا کردار ادا کرے، ہم ایرانی افواج سمیت شہریوں کی شہادت پر بلند درجات کے لیےدعاگو ہیں۔

واضح رہے کہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے تھے۔

اسرائیلی حملوں پر ردعمل میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی تلخ اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جولائی 2025
کارٹون : 1 جولائی 2025