اسرائیل خطے کو تباہی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، صدر ترکیہ

شائع June 13, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل ایران پر حملوں کے بعد خطے کو ’تباہی‘ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو روکے۔

مڈل ایسٹ آئی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی ڈاکوؤں کو ختم کرنا چاہیے جو عالمی اور علاقائی استحکام کو نشانہ بناتی ہے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حکمت عملی ایران پر حملوں کی لہر کے ساتھ خطے بالخصوص غزہ میں خون، آنسو اور عدم استحکام کے انتہائی خطرناک مرحلے میں لے جانے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ایران پر اسرائیل کے حملے ایک واضح اشتعال انگیزی ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت لاپرواہ، جارحانہ اور لاقانونیت کے اقدامات سے خطے اور پوری دنیا کو تباہی کی طرف گھسیٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی تلخ اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2025
کارٹون : 2 جولائی 2025