’لو گُرُو‘ میں رمشا خان کی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیو وائرل
عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی میگا بجٹ اور میگا کاسٹ فلم ’لو گرو‘ میں رمشا خان کی مہمان اداکارہ کے طور پر شرکت اور گانے میں ان کی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
’لو گرو‘ میں رمشا خان کے علاوہ مومنہ اقبال اور میرا سیٹھی جیسی اداکاراؤں نے بھی بطور مہمان شرکت کی ہے جب کہ بعض مرد اداکار بھی مہمان کردار کے طور پر فلم میں دکھائے گئے ہیں۔
فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے ریکارڈ 28 کروڑ روپے کی کمائی کرلی تھی اور تاحال فلم کے تمام شوز فل ہاؤس چل رہے ہیں۔
اب فلم میں رمشا خان کی جانب سے گانے میں ہمایوں سعید کے سامنے ڈانس پرفارمنس کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔
رمشا خان کو مختصر گانے پر ہمایوں سعید کا دل لبھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم وہ اداکارہ کی ڈانس پرفارمنس کو نظر انداز کرکے چلے جاتے ہیں۔
گانے میں رمشا خان کو بولڈ لباس میں رقص کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ گانے کو آئمہ بیگ نے گایا ہے۔
گانے کی آفیشل ویڈیو کو بھی فلم کی ٹیم نے یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پیجز پر جاری کردیا، جہاں سے اسے دوسرے سوشل میڈیا پیجز پر بھی شیئر کیا گیا۔
فلم میں مختصر گانے میں بولڈ ڈانس کرنے پر جہاں شائقین نے رمشا خان کو آڑے ہاتھوں لیا، وہیں مداحوں نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔