اسرائیل کے ایران پر تازہ حملے، ایران میں زیر زمین میزائل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیل کے ایران پر تازہ حملے شروع کر دیے جس کے بعد تہران اور 6 دیگر صوبوں میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا، جب کہ اسرائیلی فوج نے مغربی ایران میں زیر زمین میزائل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے بتایا کہ مغربی ایران کے خرم آباد میں زیر زمین تنصیب کو نشانہ بنایا، جہاں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے کروز میزائل موجود تھے۔
فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک اہم سائٹ ہے، جسے ماضی میں ایرانی حکومت کی جانب سے ایک ویڈیو میں بھی دکھایا گیا تھا۔
جنرل ایفی ڈیفرین نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کے درجنوں دیگر مقامات کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
مزید کہنا تھا کہ اس جگہ پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں اور کروز میزائلوں کے ساتھ ساتھ متعدد لانچ شافٹوں کے لیے ذخیرہ کرنے والی سرنگیں موجود تھیں۔
قبل ازیں، اسرائیل نے جمعہ کی صبح شروع ہونے والے ایران پر فضائی حملوں میں اب تک مسلح افواج کے سربراہ محمد باقری سمیت ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے 20 سے زائد کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تسنیم نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ فضائی دفاعی نظام تہران اور ملک کے جنوب میں ہرمزگان کے صوبوں، مغرب میں کرمانشاہ اور لرستان، مرکز میں قم، شمال مغرب میں مشرقی آذربائیجان اور جنوب مغرب میں خوزستان پر ’دشمن کے اہداف‘ کا جواب دے رہا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ نے ایرانی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی حملے کے بعد تبریز اور اصفہان میں فضائی دفاع کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں، دفاعی نظام دارالحکومت تہران اور بندر عباس کے شہر میں فعال کر دیا گیا تھا، کیونکہ وہاں اسرائیلی حملے کیے گئے تھے جبکہ ایران میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
صہیونی فوج کی جانب سے ہرمزگان، کرمانشاہ، مغربی آذربائیجان، لرستان، خوزستان میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی