• KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C

اسرائیلی حکومت ایران سے تنازع بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا جنگ میں شامل ہو، سعودی ولی عہد

شائع June 15, 2025
فوٹو: ارنا نیوز
فوٹو: ارنا نیوز

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے ریاض کا ماننا ہے کہ اسرائیلی حکومت ایران کے ساتھ تنازع بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا کو جنگ میں گھسیٹا جاسکے۔

ایرانی نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم نے ہفتے کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر پزشکیان سے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

انہوں نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہیں اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے سراسر منافی ہیں۔

سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو یقین ہے کہ ایران دانشمندی سے کام لے گا اور تل ابیب کے مقاصد کو ناکام بنائے گا، مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت ایران سے تنازع بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکا جنگ میں شامل ہو۔

محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ آج پوری اسلامی دنیا یکجہتی کے ساتھ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب، صدر پزشکیان نے کہا کہ انہوں نے اپنے عہدے کے آغاز سے ہی خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے لیکن ہر بار جب وہ اس مقصد کے قریب پہنچتے ہیں، اسرائیل ان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور سعودی عرب مل کر خطے کو پر امن کرسکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایرانی حجاج کرام کی ضروریات کا خیال رکھا اور ان کی محفوظ واپسی تک بہترین سہولیات فراہم کیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حکومت نے جمعے کی شب ایرانی سرزمین پر حملوں کا آغاز کیا، پہلے مرحلے میں فضائی دفاعی نظام اور جوہری توانائی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا جب کہ ان حملوں میں ایران کے اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فوری اعلان کیا کہ ان حملوں میں امریکا کا کوئی کردار نہیں تھا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025