ایران کا موساد کے 2 ایجنٹ، اسرائیل کا 2 ایرانی جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ
ایران نے کہا ہے کہ اس نے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی ’موساد‘ کے ارکان ہیں جبکہ اسرائیل نے بھی ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز نے اتوار کے روز رپورٹ کیا ہے کہ موساد کے ارکان کی گرفتاریاں صوبہ البرز میں عمل میں آئی، جہاں یہ افراد دھماکا خیز مواد اور الیکٹرانک آلات تیار کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ 13 جون کو ایران پر حملوں سے قبل موساد کے کمانڈوز نے تہران میں آپریشن کرتے ہوئے ڈرونز سے لیس گاڑیوں کے ذریعے زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایرانی میزائلوں اور سینئر عسکری حکام کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا تھا۔
ترک خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کے مطابق اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے اتوار کو رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے 2 شہریوں کو ایران کے لیے جاسوسی کے شبہے میں گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی ’شین بیٹ‘ اور پولیس نے ہفتے کے روز دونوں مشتبہ افراد کے خلاف ایران کی ہدایات پر جاسوسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں تحقیقات شروع کی ہیں۔
یہ گرفتاریاں اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ جمعے کی صبح، اسرائیلی افواج نے ایران پر حملہ کرتے ہوئے اس کے جوہری اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں کئی اعلیٰ فوجی کمانڈر اور سائنسدان ہلاک ہو گئے۔ جواباً ایران نے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر بیلسٹک میزائل داغے۔
گزشتہ چند مہینوں کے دوران ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں کئی اسرائیلی شہریوں کی گرفتاریاں عمل میں آ چکی ہیں۔












لائیو ٹی وی