• KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 20.2°C

تل ابیب میں ایران اور غزہ پر اسرائیلی بمباری کیخلاف احتجاج، 3 مظاہرین گرفتار

شائع June 15, 2025
سڑک خالی ہونے کے باوجود اسرائیلی پولیس نے احتجاج کی اجازت نہیں دی۔
—فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل
سڑک خالی ہونے کے باوجود اسرائیلی پولیس نے احتجاج کی اجازت نہیں دی۔ —فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل

تل ابیب کے حبیما اسکوائر میں غزہ کی جنگ اور ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف تقریباً 35 افراد کے احتجاج کے دوران پولیس نے کم از کم 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں جنگ مخالف کارکن ایتمار گرین برگ بھی شامل ہیں، پولیس اہلکاروں نے ان کو کار کے ساتھ زور سے دھکیلا اور اُن پر گرفتاری میں مزاحمت کا الزام لگایا، جب کہ وہ چیخ رہے تھے کہ وہ مزاحمت نہیں کر رہے۔

جب مظاہرین نعرے لگانے کے لیے تیار ہو رہے تھے تو تقریباً 3 درجن پولیس اہلکار وہاں پہنچے حالانکہ سڑک زیادہ تر خالی تھی۔

پولیس نے احتجاج کو آئی ڈی ایف ہوم فرنٹ کمانڈ کے قواعد کے تحت غیر قانونی قرار دیا، جن کے مطابق میزائل خطرے کے باعث عوامی اجتماعات کی اجازت نہیں ہے، اور مظاہرین کو منتشر ہونے کے لیے پانچ منٹ دیے۔

اس کے بعد مظاہرین اسکوائر میں خاموشی سے پھیل گئے، اور پلے کارڈز اٹھاکر احتجاج کیا، جن پر غزہ اور ایران پر حملوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

پولیس اہلکاروں نے ایک قطار بنائی اور چوک کا جائزہ لیتے ہوئے مظاہرین سے بینرز چھین لیے، کیوں کہ وہ منتشر ہونے سے انکار کر رہے تھے۔

کچھ راہ گیر پولیس کو اکساتے رہے اور مظاہرین کو برا بھلا کہتے رہے۔

میزائل حملے کے خطرے کے باعث مرکزی اسکوائر کی بیشتر دکانیں بند تھیں، احتجاج کے اعلان میں یہ وضاحت بھی شامل تھی کہ قریب ہی ایک محفوظ پناہ گاہ موجود ہے۔

باقی رہ جانے والے تقریباً 20 مظاہرین نے تقریباً 15 منٹ انتظار کیا، اور جب پولیس روانہ ہو گئی تو ڈھول بجاتے ہوئے ’قتلِ عام بند کرو‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025