بدمعاش ریاست اسرائیل کی سرپرستی کے تباہ کن نتائج ہوسکتے ہیں، وزیر دفاع

شائع June 16, 2025
— فائل فوٹو: بشکریہ اسکائی نیوز
— فائل فوٹو: بشکریہ اسکائی نیوز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کو اسرائیل کی جوہری صلاحیت کے بارے میں ہوشیار اور فکرمند رہنا چاہیے، جو کسی بھی بین الاقوامی جوہری ضابطے کا پابند نہیں اور نہ ہی جوہری عدم پھیلاؤ (این پی ٹی) معاہدے کا پابند ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ سابقہ (ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فکرمند ہونا چاہیے کہ اسرائیل کسی عالمی جوہری نظم و ضبط کا پابند نہیں اور نہ ہی ’این پی ٹی‘ سمیت کسی دوسرے پابند معاہدے پر دستخط کرنے والا ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس، پاکستان تمام بین الاقوامی جوہری ضوابط کا دستخط کنندہ ہے اور ہماری جوہری صلاحیت ہمارے عوام کے فائدے اور ہمارے ملک کے دفاع کے لیے ہے تاکہ دشمنوں کے معاندانہ عزائم کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسیوں کے خلاف بالادستی پر مبنی پالیسیاں نہیں اپناتے، جس کا عملی مظاہرہ آج کل اسرائیل کر رہا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مغربی دنیا کو اسرائیل کی طرف سے پیدا ہونے والے تنازعات کے بارے میں پریشان ہونا چاہیے، کیونکہ یہ پورے خطے اور اس سے باہر بھی پھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بدمعاش ریاست اسرائیل کی سرپرستی کے تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب، ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو محفوظ رکھنے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں اور انہیں بخیریت واپس لایا جارہا ہے، اب تک 450 پاکستانیوں کو واپس لایاجاچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025