کراچی: 2 گھنٹوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی
کراچی میں 2 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جب کہ خاتون اور بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
کورنگی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت کاشف کے نام سے ہوئی۔
اورنگی ٹاؤن میں بھی فائرنگ سے خاتون اور بچہ زخمی ہوئے، ملیر اور فرنٹئیر کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب، کراچی کے علاقے ملیر 15 پر سامان سے بھرا ٹرالر موٹر سائیکل پر چڑھ گیا، حادثے میں موٹر سائیکل سوار معجزاتی طور پر محفوظ رہے، تاہم موٹر سائیکل مکمل تباہ ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ٹرالر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور ٹرالر کے شیشے توڑ ڈالے، مشتعل شہریوں نے ٹرالر کو جلانے کی بھی کوشش کی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شہریوں کو منتشر کردیا۔