بھارتی فلم سازوں کو ’سردار جی تھری‘ میں تاحال ہانیہ عامر کی موجودگی کا شبہ
بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کی آنے والی ایکشن کامیڈی فلم ’سردار جی تھری‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں ہانیہ عامر سمیت کسی بھی پاکستانی اداکار کی جھلک نہیں دکھائی گئی لیکن اس کے باوجود بھارتی فلم سازوں کو شک ہے کہ فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر موجود ہوں گی۔
’سردار جی تھری‘ کے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں کسی بھی پاکستانی اداکار کی کوئی جھلک نہیں دکھائی گئی، تمام کردار بھارتی ہی دکھائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھارتی فلم سازوں کی تنظیم کو شک ہے کہ فلم میں ہانیہ عامر ہو سکتی ہیں۔
’فلم فیئر‘ کے مطابق فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن امپلائیز کے صدر نے ’سردار جی تھری‘ کا ٹیزر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلم میں پاکستانی اداکاروں کی ممکنہ شمولیت پر سخت رد عمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی فلم میں ہانیہ عامر سمیت کوئی بھی پاکستانی اداکار شامل کیا گیا تو نہ صرف ’سردار جی تھری‘ بلکہ اس کی ٹیم بشمول دلجیت دوسانجھ کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم میں کسی بھی ایسے ملک کے اداکار کو کاسٹ نہیں کیا جانا چاہیے جو انڈیا کے خلاف ہو۔
دوسری جانب فلمی شائقین کو بھی شک ہے کہ ’سردار جی تھری‘ میں ہانیہ عامر مختصر کردار میں نظر آ سکتی ہیں۔
شائقین اور فلم سازوں کو شک ہے کہ گزشتہ ہفتے دلجیت دوسانجھ کی جانب سے شیئر کردہ فلم کی تصاویر میں سے ایک تصویر میں ان کے ساتھ ہانیہ عامر تھیں، جس میں ادکارہ کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تاحال دلجیت دوسانجھ یا ہانیہ عامر سمیت فلم کی ٹیم نے پاکستانی اداکارہ کو بھارتی فلم میں کاسٹ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم گزشتہ سال سے چہ مگوئیاں ہیں کہ ہانیہ عامر ’سردار جی تھری‘ میں دکھائی دیں گی۔

پاکستانی پنجابی اداکار ناصر چنیوٹی نے اپریل 2025 میں بتایا تھا کہ ’سردار جی تھری‘ میں ہانیہ عامر اہم کردار میں نظر آئیں گی، ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ ان سمیت متعدد پاکستانی اداکار فلم میں دکھائی دیں گے۔
تاہم اپریل 2025 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے اور بعد ازاں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر کیے گئے فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے فنکاروں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
اسی حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ ہانیہ عامر کے ’سردار جی تھری‘ کے کردار کو بھی تبدیل یا ختم کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔
اب ’سردار جی تھری‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ جون کے اختتام تک پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور ٹیزر میں کسی پاکستانی اداکار کی جھلک نہ ہونے کے بعد بھارتیوں کو شک ہے کہ اس میں ہانیہ عامر ہو سکتی ہیں۔












لائیو ٹی وی