والدہ میرے شوبز میں آنے کے حق میں نہیں تھیں، نوشین شاہ
اداکارہ نوشین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے شوبز میں آنے کے فیصلے کو اُن کی والدہ نے ناپسند کیا تھا اور وہ ابتدا میں اُن کے اس پیشہ ورانہ انتخاب کے سخت خلاف تھیں۔
نوشین شاہ نے حال ہی میں مدیحہ نقوی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
ایک سوال کے جواب میں نوشین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جن کے پاس گاڑی چلانے کا لائسنس ہے اور ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی بغیر لائسنس کے گاڑیاں چلارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے مردوں کا یہ خیال بالکل درست ہے کہ خواتین اچھی ڈرائیورز نہیں ہوتیں۔
نوشین شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی لڑکی مڈل کلاس پس منظر سے تعلق رکھتی ہو اور اداکاری جیسے شعبے کا انتخاب کرے تو اسے معاشرتی اور خاندانی سطح پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق جب انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا تھا تو ان کی والدہ کو یہ شعبہ بالکل پسند نہیں تھا اور وہ ان کے فیصلے کے سخت خلاف تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی شوبز سے وابستہ خواتین کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے کئی باصلاحیت لڑکیاں اس میدان میں قدم رکھنے سے ہچکچاتی ہیں۔
نوشین شاہ نے کہا کہ بعض اوقات چچا، چاچی یا دیگر قریبی رشتہ دار صرف اس وجہ سے قطع تعلق کر لیتے ہیں کہ لڑکی نے اداکاری کو اپنا پیشہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ان لڑکیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جو تمام رکاوٹوں کے باوجود شوبز میں اپنا مقام بنانے کے لیے جدوجہد کرتی ہیں۔












لائیو ٹی وی