اسرائیلی ہیکنگ گروپ کا ایرانی بینک پر سائبر حملہ، تمام ڈیٹا تباہ کرنے کا دعویٰ

شائع June 17, 2025
’فارس نیوز‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ صارفین کو بینک سپاہ کی خدمات میں مشکلات کا سامنا ہے
— فائل فوٹو: اے ایف پی
’فارس نیوز‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ صارفین کو بینک سپاہ کی خدمات میں مشکلات کا سامنا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل سے منسلک رہنے والے ہیکنگ گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی پابندیوں کے باوجود کام کرنے والے ایک ایرانی بینک کا ڈیٹا تباہ کر دیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق’گونجشک درندہ’ نامی گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے ’بینک سپاہ کا ڈیٹا تباہ کرنے والے سائبر حملے کیے ہیں‘۔

گروپ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’بینک سپاہ بین الاقوامی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایرانی عوام کے پیسوں کو حکومت کے دہشت گرد نیٹ ورکس، بیلسٹک میزائل پروگرام اور فوجی جوہری پروگرام کے لیے استعمال کرتا تھا‘۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہی انجام ہوتا ہے ان اداروں کا جو آمر کی دہشت گردی پر مبنی خیالی دُنیا کو سہارا دیتے ہیں، ہم ان بہادر ایرانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی مدد سے یہ کارروائی ممکن ہوئی۔

سائبر حملے کرنے والے گروپ نے حالیہ برسوں میں ایران پر متعدد سائبر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، جن میں پیٹرول پمپوں اور ایک اسٹیل فیکٹری پر حملے شامل ہیں۔

اسرائیل عام طور پر ایران کے خلاف اپنے سائبر آپریشنز سے متعلق پالیسی میں ابہام رکھتا ہے اور ان کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔

سوشل میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق آج صبح بینک سپاہ کی بینکاری خدمات بند ہو گئیں۔

دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’فارس نیوز‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ صارفین کو بینک سپاہ کی خدمات میں مشکلات کا سامنا ہے، جو کہ ایک سائبر حملے کے نتیجے میں پیش آئی ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری اسرائیل سے منسلک ایک ہیکرز گروپ نے قبول کی ہے، جس نے بینک میں دراندازی کر کے اس کی سرگرمیوں میں خلل ڈالا۔

فارس کی رپورٹ کے مطابق بینک سپاہ کے مسائل کا اثر ان پیٹرول پمپوں پر بھی پڑ سکتا ہے جو لین دین کے لیے اس بینک پر انحصار کرتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ توقع ہے یہ مسئلہ اگلے چند گھنٹوں میں حل کر لیا جائے گا۔

اسی دوران، ایران کے مرکزی بینک کے ترجمان نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کو بتایا کہ تمام بینکاری سرگرمیاں معمول کے مطابق چل رہی ہیں اور صارفین کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025