• KHI: Sunny 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C
  • KHI: Sunny 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C

امریکی فوج نے جدید ہتھیاروں میں معاونت کے لیے اوپن اے آئی سے معاہدہ کرلیا

شائع June 17, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

امریکی محکمہ دفاع نے چیٹ جی پی ٹی کی مالک کمپنی اوپن اے آئی سے 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ کرلیا تاکہ آرٹیفشیل انٹیلی جنس (اے آئی) کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق معاہدے کے تحت اوپن اے آئی ادارہ ایسے جدید اے آئی نمونے تیار کرے گا جو جنگی محاذ اور انتظامی امور میں اہم قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں امریکی فوج کو مدد فراہم کریں۔

امریکی محکمہ دفاع وہ پہلا ادارہ بن گیا، جس نے اوپن اے آئی کے ساتھ فوجی ہتھیاروں کو جدید کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق وہ معاہدے کے تحت یہ ظاہر کرے گا کہ جدید ترین اے آئی کس طرح سرکاری کاموں کو بہت بہتر بنا سکتی ہے، مثلا اے آئی کس طرح فوجی اہلکاروں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے سمیت سائبر دفاع کے نظام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔

اے آئی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں جیسا کہ میٹا، اوپن اے آئی اور پالینٹیر (Palantir) جو امریکی کاروباری شخص پیٹر تھیئل (Peter Thiel) کی قائم کردہ دفاعی ٹیک کمپنی ہے، اب امریکی فوج کو اپنی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی دوڑ میں شامل ہو چکی ہیں۔

پیٹر تھیئل ایک قدامت پسند ٹیک ارب پتی ہیں جن کا سیلیکون ویلی میں دائیں بازو کے رجحانات کو فروغ دینے میں نمایاں کردار رہا ہے۔

گزشتہ سال کے آخر میں اوپن اے آئی اور دفاعی ٹیکنالوجی کی ایک اور کمپنی Anduril Industries نے بھی ایک شراکت داری کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد سیکیورٹی مشنز کے لیے اے آئی حل تیار کرنا اور انہیں استعمال میں لانا تھا۔

امریکی محکمہ دفاع نے اوپن اے آئی کے ساتھ ایک ایسے وقت میں فوجی طاقت کو اے آئی کے ذریعے بڑھانے کا معاہدہ کیا ہے جب کہ امریکا کے سب سے بڑے اتحادی ملک اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ جاری ہے اور امریکا بلاواسطہ مذکورہ جنگ میں مداخلت کے عندیے بھی دے چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025