ایران سے پاکستانی سفارتی عملے کے اہل خانہ کا انخلا شروع

شائع June 17, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے پیش نظر ایران سے پاکستانی سفارتی عملے کے اہل خانہ کا انخلا شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطاق ذرائع وزارت خارجہ نے بتایا کہ ایران سے پاکستانی سفارتی عملے کے اہل خانہ کا انخلا شروع کر دیا گیا ہے جبکہ غیر ضروری عملہ بھی ایران سے واپس بلایا جا رہا ہے۔

ذرائع وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران میں پاکستانی سفارتخانہ بدستور فعال رہے گا، ایران میں پاکستانی قونصل خانے بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔

ذرائع وزارتِ خارجہ نے مزید بتایا کہ انخلا کا فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران سے مزید 350 پاکستان زائرین اور طلبہ تفتان پہنچ گئے تھے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ایران سے پہنچنے والے زیادہ تر زائرین ہیں، تاہم ایران سے پہنچے والوں میں 45 طلبہ بھی شامل ہیں۔

اس سے ایک روز قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا مکمل کر لیا گیا جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبہ کے انخلا کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025