اسرائیل کی تہران میں ہلال احمر، داخلی سلامتی کے ہیڈکوارٹر، وزارت دفاع کی عمارتوں پر وحشیانہ بمباری

شائع June 18, 2025
—فوٹو: تہران ٹائمز/ایکس
—فوٹو: تہران ٹائمز/ایکس
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: ایکس
— فوٹو: ایکس

اسرائیلی فوج نے تہران پر تازہ وحشیانہ بمباری میں ہلال احمر سوسائٹی کے ہیڈکوارٹر، اس کے قریب ایک عمارت، کرج پیام ایئرپورٹ، وزارت دفاع کی متعدد عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی وزیر دفار اسرائیل کارٹز نے دعویٰ کیا کہ ایران کے داخلی سلامتی کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کرد یا ہے۔

صہیونی فوج نے جمعہ سے اب تک ایران میں 1100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جب کہ تہران پر رات بھر جاری رہنے والے حملوں میں امام حسین یونیورسٹی کو نشانہ بنایا گیا، سینٹری فیوج پروڈکشن سائٹ، متعدد اسلحہ ساز فیکٹریوں پر حملوں اور متعدد ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

تہران ٹائمز کے مطابق صہیونی دشمن کی فضائیہ نے تہران میں وزارت دفاع کی کئی عمارتوں پر بھی وحشیانہ بمباری کی ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی مہر نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی مجرمانہ حکومت نے بدھ کے روز تہران میں ایرانی ہلال احمر سوسائٹی (آئی آر سی ایس) کے ہیڈکوارٹر کے قریب واقع ایک عمارت پر حملہ کر دیا۔

تازہ کارروائی میں صہیونی دشمن میں دارالحکومت میں ہلال احمر سوسائٹی کے صدر دفتر کی قریبی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ تہران میں ایران کی داخلی سلامتی کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ابھی ابھی ایرانی حکومت کی داخلی سیکیورٹی کے ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا، جو ایرانی آمر کے ظلم و ستم کا مرکزی ذریعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہم نے وعدہ کیا تھا، ہم ایران کی حکومت کی علامتوں کو نشانہ بناتے رہیں گے اور آیت اللہ کی حکومت پر جہاں بھی ہو، حملہ کرتے رہیں گے۔

قبل ازیں ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صہیونی فوج نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں فوجی ٹھکانوں پر تازہ حملے کیے ہیں۔

ایرانی نیوز ویب سائٹس کے مطابق، اسرائیل نے امام حسین یونیورسٹی کو بھی نشانہ بنایا ہے، جو کہ پاسداران انقلاب سے وابستہ ایک ادارہ ہے۔

تہران ٹائمز کے مطابق صہیونی دشمن نے کاراج پیام ایئرپورٹ پر بھی بمباری کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 50 سے زائد جنگی طیاروں نے رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں میں حصہ لیا، جن میں ایران کے ایک سینٹری فیوج پروڈکشن سائٹ سمیت متعدد ہتھیار ساز فیکٹریوں پر حملے شامل تھے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران دارالحکومت تہران میں واقع سینٹری فیوج پروڈکشن سائٹ کا استعمال یورینیم کی افزودگی کی رفتار اور دائرہ کار بڑھانے کے لیے کر رہا تھا، جس کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری ہے۔

اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق نشانہ بنائی گئی ہتھیار ساز فیکٹریوں میں وہ سائٹ شامل ہے جہاں زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے لیے خام مال اور پرزہ جات تیار کیے جا رہے تھے، جنہیں حالیہ عرصے میں ایرانی حکومت نے اسرائیل پر داغا ہے، خوجیر میزائل فیکٹری پر حملے کے بعد آگ لگ گئی۔

اسی طرح اسرائیلی فوج نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے لیے سسٹمز اور پرزہ جات تیار کرنے والی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، فوج نے کارروائی میں حصہ لینے والے طیاروں کے اڑان بھرنے کی ویڈیو فوٹیج بھی جاری کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ رات ایران سے اسرائیل کی جانب چھوڑے گئے 5 ڈرونز کو اسرائیلی فضائیہ نے تباہ کر دیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق 2 ڈرونز کو بحرِ مردار کے علاقے کے اوپر مار گرایا گیا، ایک ڈرون کو شمالی اسرائیل میں تباہ کیا گیا جبکہ گولان کی پہاڑیوں میں بھی سائرن بجنے کے بعد فضائیہ نے مزید 3 ایرانی ڈرونز کو مار گرایا ۔

تہران میں صبح 5 بجے کے قریب ایک شدید دھماکے کی آواز سنی گئی، جب کہ اس سے قبل سحر سے پہلے کے اندھیرے میں بھی کئی دھماکے ہو چکے تھے۔

ایرانی حکام نے ان حملوں کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی، اسرائیل نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ وہ مہرآباد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے جنوب میں واقع ایک رہائشی و صنعتی علاقے کو نشانہ بنا سکتا ہے، جہاں فوجی تنصیبات، دواساز کمپنیاں اور دیگر صنعتی ادارے موجود ہیں۔

5 ہیلی کاپٹرز کو نشانہ بنانے کا اسرائیلی دعویٰ

اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے شہر کرمان شاہ میں ایئربیس پر ایرانی AH-1 ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی مسلح افواج (آئی ڈی ایف) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹرز صہیونی فضائیہ کو نشانہ بنانے کے لیے تعینات کیے گئے تھے۔

ڈفرن نے کہا کہ ’ان کا مشن ہمارے طیاروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنا تھا‘۔

آئی ڈی ایف نے حملے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025