’جوہری تنصیبات محفوظ اور اچھی حالت میں ہیں‘ سربراہ ایرانی جوہری توانائی تنظیم

شائع June 18, 2025
محمد اسلامی نے کہا کہ دشمن فوجی جارحیت کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا
—فوٹو: مہر نیوز
محمد اسلامی نے کہا کہ دشمن فوجی جارحیت کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا —فوٹو: مہر نیوز

ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم (اے ای او آئی) کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ملک کی جوہری تنصیبات اچھی حالت میں ہیں۔

مہر نیو ز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جب ان سے اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران کی جوہری سرگرمیوں کی صورتحال کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ اور اچھی حالت میں ہیں۔

انہوں نے اے ای او آئی کے عملے اور ملازمین کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مورچوں پر موجود ہیں اور پوری ثابت قدمی سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

محمد اسلامی نے کہا کہ فخر اور طاقت ایرانی قوم کی سرشت میں رچی بسی ہے، کیوں کہ انہوں نے کبھی بھی زبردستی کے آگے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی ہتھیار ڈالے۔

اس سینئر جوہری عہدیدار نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وہ ایران کے خلاف فوجی جارحیت کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا۔

صیہونی حکومت نے 13 جون کی علی الصبح ایران پر جارحیت کا آغاز کیا، جس میں فوجی اور جوہری تنصیبات کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوجی حملوں کے نتیجے میں درجنوں فوجی کمانڈرز، جوہری سائنسدان اور عام شہری شہید ہوئے، اور ایران کے مرکزی صوبے اصفہان میں واقع نطنز جوہری تنصیب کو بھی نقصان پہنچا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025