وزیرخارجہ اسحٰق ڈار اور ایرانی ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال

شائع June 18, 2025
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

وزیرخارجہ اسحٰق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک اہم ٹیلیفونک رابطے میں اسرائیل کی جانب سے ایران کی سرزمین پر حالیہ جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کی مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اسرائیلی حکومت کے حملوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں ایران کے بنیادی ڈھانچے، جوہری تنصیبات، رہائشی علاقوں، اسپتالوں اور سرکاری نشریاتی ادارے (آئی آر آئی بی ) کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس موقع پر زور دیا کہ صہیونی حکومت کی جنگ پسندانہ پالیسی خطے میں عدم استحکام کی اصل وجہ ہے، انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کی کھل کر مذمت کریں اور اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائیں۔

پاکستانی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اس گفتگو میں ایک بار پھر اپنی حکومت کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے، انہوں نے ایرانی عوام کے لیے پاکستانی عوام کی حمایت کو بھی اجاگر کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں اسرائیلی جنگ پسندی کے خطرناک رجحان سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت کی اور ایک مؤثر حکمتِ عملی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025