آج ایرانی میزائل حملے کے بعد 271 افراد ہسپتالوں میں پہنچے، اسرائیلی وزارت صحت

شائع June 19, 2025
وزارت صحت کے مطابق، مجموعی طور پر 2 ہزار 345 زخمی افراد ہسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں
—فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل
وزارت صحت کے مطابق، مجموعی طور پر 2 ہزار 345 زخمی افراد ہسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں —فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل

اسرائیل کی وزارت صحت کے مطابق آج صبح ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے بعد 271 افراد ہسپتالوں میں پہنچے، جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے، 16 کو درمیانے زخم آئے ہیں، 220 کی حالت بہتر ہے، 24 افراد شدید ذہنی دباؤ (انگزائٹی) کا شکار ہیں، اور 7 افراد کی طبی جانچ جاری ہے جن کی حالت کا تعین ابھی نہیں ہو سکا۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق میزائل کے براہ راست نشانہ بننے والے سوروکا میڈیکل سینٹر میں 71 افراد معمولی زخمی ہوئے اور ایک شخص کو ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

زیادہ تر معمولی زخمی افراد اس وقت زخمی ہوئے، جب وہ محفوظ مقام کی طرف جا رہے تھے، یا ان پر ذہنی دباؤ کی کیفیت طاری تھی۔

وزارت صحت کے مطابق، ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کے آغاز سے اب تک 2 ہزار 345 زخمی افراد ہسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں، جن میں سے 21 کی حالت تشویش ناک، 87 کی حالت درمیانی، 2 ہزار سے زائد کی حالت بہتر ہے، 99 افراد کو ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔

اب تک زیادہ تر زخمیوں کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا، فی الحال، 106 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جب کہ مزید 149 افراد ایمرجنسی روم میں طبی امداد حاصل کر رہے ہیں۔

وزارت نے اپیل کی ہے کہ بزرگ شہریوں کے قریبی لوگ ان کی مدد کریں تاکہ وہ قریبی اور محفوظ ترین پناہ گاہ کا انتخاب کر سکیں، وہاں پہنچنے کی مشق کریں، اور خطرے کے الارم سے پہلے ہی وہاں پہنچنے کی کوشش کریں تاکہ راہ میں گرنے سے ہونے والے حادثات سے بچا جا سکے۔

وزارت صحت نے صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے اداروں اور ذہنی بحالی مراکز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ذہنی صحت کی سہولیات کو مضبوط بنائیں، تاکہ ذہنی دباؤ کے شکار افراد کو اسپتال آئے بغیر ٹیلیفون پر مدد فراہم کی جا سکے۔

نیشنل ریزیلینس تھراپیٹک سینٹر کی ہیلپ لائن نمبر 5486 ہے، جو 24 گھنٹے کام کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025