ایران نے پاسداران انقلاب کے نئے انٹیلیجنس چیف کا اعلان کردیا
ایران نے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے لیے بریگیڈیئر جنرل مجید خادمی کو نیا انٹیلیجنس چیف مقرر کردیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے سابق انٹیلیجنس چیف جنرل محمد کاظمی کی شہادت کے بعد بریگیڈیئر جنرل مجید خادمی کو تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے۔
حال ہی میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر مقرر کیے جانے والے میجر جنرل محمد پاکپور نے بریگیڈیئر جنرل مجید خادمی کو آئی آر جی سی کے انٹیلیجنس ونگ کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
مجید خادمی نے محمد کاظمی کی جگہ لی ہے، جو اتوار کے روز اپنے نائب حسن محقق اور محسن باقری کے ہمراہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
میجر جنرل پاکپور خود بھی حال ہی میں تقرر کیے گئے ہیں، جب اسرائیل نے 13 جون کو ان کے پیشرو حسین سلامی کو ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا تھا۔
میجر جنرل پاکپور کا کہنا تھا کہ ’ہمارے شہید کمانڈرز کاظمی اور محقق کی قیادت میں آئی آر جی سی انٹیلیجنس کے تمام شعبوں میں نمایاں ترقی دیکھی گئی ہے‘۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے گزشتہ جمعے کو تقرری کے بعد، پاکپور نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں’خطرناک جوابی کارروائی’ کی دھمکی دی تھی۔
واضح رہے کہ جنرل مجید خادمی اس سے قبل وزارتِ دفاع میں انٹیلی جنس پروٹیکشن آرگنائزیشن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔













لائیو ٹی وی