ممبئی: عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 45 ہو گئی

ممبئی: ہندوستان کے تجارتی شہر ممبئی میں جمعہ 27 ستمبر کی صبح ایک پانچ منزلہ اپارٹمنٹ گرنے کے نتیجے میں ہفتہ کے روز اموات کی تعداد بڑھ کر 45 ہو گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سینیئر افسر آلوک آوستھے نے جائے وقوعہ سے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک ملبے سے 45 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے،جہاں امدادی عملہ تا حال ملبے میں دبے ہوئےلاپتہ افراد کی تلاش کا کام کر رہا ہے۔
پریشان حال رشتہ دار نم آنکھوں سے ریسکیو عملے کو فلڈ لائٹس میں لا پتہ افراد کی تلاش کا کام انجام ہوتا ہوا دکھ رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کا عزیر ملبے سے زندہ نکال لیا جائے گا۔
آوستھے کا کہنا تھا کہ ہم رات بھر سے کام کر رہے ہیں ہمیں بتایا گیا ہے کہ عمارت کے گرنے کے وقت 89 لوگ اپارٹمنٹ میں موجود تھے۔ اور اب تک ہم نے 78 لوگوں کا حساب لگایا ہے۔
جمعہ کے روز عمارت گرنے کا واقعہ ممبئی میں چھ مہینوں کے دوران عمارت کے منہدم ہونے کا تیسرا جان لیوا واقعہ ہے جس کی وجوہات ناقص تعمیر اور معائنہ میں لاپرواہی ہے۔
عمارت کے منہدم ہونے کا واقعہ ممبئی کے جنوب مشرق میں ڈاکیارڈ سڑک کے قریب صبح چھ بجے پیش آیا تھا۔
آوستھے نے کہا کہ ہم نے 33 لوگوں کو زندہ باہر نکال لیا ہے اور ہم بغیر رکے اس وقت تک کام جاری رکھیں گے جب تک ہر ایک کو ملبے سے نکال نہیں لیا جاتا۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی دوپہر کو کنکریٹ کی سلیب کے نیچے دبے ہوئے 40 سالہ مرد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ اس کی ایک ٹانگ سلیب کے نیچے پھنسی ہوئی تھی، سلیب کو کاٹ کر اسے باہر نکالا گیا۔
سینیئر امدادی عملے کے افسر نے کہا کہ زندہ بچائے جانے والوں کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔
اوستھے کا کہنا تھا عمارت ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ملکیت تھی،22 اپارٹمنٹ پر مشتمل عمارت کے رہائشی زیادہ تر سٹی حکومت کے ملازم تھے۔
پریس ٹرسٹ انڈیا کیمطابق شہری حکومت نے ایک ٹھیکیدار کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جس نے مبینہ طور پر عمارت کے گرنے سے قبل گراؤنڈ فلور کے فرش کے لیے کچھ تبدیلی کی تھی۔
مقامی حکام نے زخمیوں کے علاج اور مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے۔
مبئی میں رواں سال میں اس جیسے دو واقعات رونما ہو چکے ہیں اپریل میں ایک غیر قانونی تعمیر کی گئی عمارت کے منہدم ہونے کے نتیجے میں 72 افراد ہلاک ہوئے تھے، اور جون میں تین منزلہ عمارت کے گرنے سے پانچ بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ہندوستان میں عمارت گرنے کے واقعات عام ہو گئے ہیں، ہندوستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شہروں کے گرد بڑے پیمانے پر رہائش کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ٹھیکیدار غیر معیاری مٹیریل کا استعمال کر رہے ہیں۔