ایران کی جوابی کارروائی، ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل برسادیے

شائع June 20, 2025
فوٹو: اسکرین شاٹ، پریس ٹی وی
فوٹو: اسکرین شاٹ، پریس ٹی وی

ایران نے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل ایک بار پھر میزائل داغ دیے ، حملوں میں حیفہ اور تل ابیب کو نشانہ بنایا گیا، حملوں میں ایک ہلاک اور 23 افراد زخمی ہوئے۔

برطانوی روزنامہ ٹیلی گراف نے رپورٹ کیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل کے بڑے شہروں پر وسیع پیمانے پر میزائل حملہ کیا۔

اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے مطابق ملک بھر میں ہنگامی الرٹس جاری کر دیے گئے ، اور شہریوں کو فوراً پناہ لینے کی ہدایت کی گئی۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کی رپور ٹ کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے جمعہ کے روز مقبوضہ علاقوں کے جنوب اور شمال میں فوجی اہداف پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی۔

آپریشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 17ویں مرحلے کے دوران ایرانی افواج نے اسرائیلی فوجی مراکز، صنعتی کمان و کنٹرول سینٹرز اور جاسوسی کے اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس جوابی کارروائی کے مرحلے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے، بھاری بھرکم میزائلوں کے ساتھ ساتھ جنگی اور خودکش ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسرائیل کی میگن ڈیوڈ آدوم (ایم ڈی اے ) ایمبولینس سروس کے مطابق کم از کم 23 افراد زخمی ہوئے۔

تہران کی جوابی کارروائی میں میزائلوں نے اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام کو شکست سے ہوئے تل ابیب میں کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

ٹیلی گراف کے مطابق تل ابیب سے موصولہ تصاویر میں متاثرہ علاقوں سے گہرے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ جنوبی نیگیو کے علاقے اور شمالی شہر حیفہ میں بھی میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اسرائیل کا ایران میں میزائل لانچرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

برطانوی روزنامے ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعے کے روز ایران پر ایک نئی حملے کی لہر میں جنوب مغربی علاقے میں میزائل لانچرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ کچھ دیر قبل، اسرائیلی فضائیہ نے جنوب مغربی ایران میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹمز پر حملہ کیا۔’

اسرائیلی فوج نے حملوں کے مقام کی وضاحت نہیں کی، تاہم بوشہر کے قریب دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، یہ علاقہ ایک فضائی اڈے، بیلسٹک میزائل کے مقامات اور ایک جوہری پاور پلانٹ کا مرکز ہے۔

آئی ڈی ایف کے مطابق، اسرائیل نے تہران، مرکزی شہر اصفہان اور مغربی ایران کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025