صنم سعید کا پیدائش کے ایک ماہ بعد بچے کی ولادت کا اعلان

شائع June 20, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ صنم سعید نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے تقریبا ایک ماہ بعد بیٹے کی ولادت کی تصدیق کردی۔

صنم سعید نے 20 جون کو انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

اداکارہ نے پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے بیٹے کا نام ولی حسن مرزا رکھا ہے، ساتھ ہی انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تاریخ 18 مئی بتائی۔

اداکارہ نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کے ایک ماہ بعد بچے کی ولادت کا اعلان کرتے ہوئے بچہ و زچہ کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی۔

اداکارہ نے واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش کہاں ہوئی؟ تاہم ان کی پوسٹ پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صنم سعید نے 12 مئی کو اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ جلد ماں بننے والی ہے اور ان کے ہاں 18 مئی یعنی ان کے بتانے کے ایک ہفتے بعد ہی بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

صنم سعید اور محب مرزا نے مارچ 2023 میں ایک دوسرے سے شادی کی تصدیق کی تھی، دونوں کے درمیان 2020 سے شادی کی چہ مگوئیاں تھیں۔

دونوں نے مارچ 2023 میں فہد مصطفیٰ کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر‘ میں شادی کا اعتراف کیا تھا، اس سے قبل دونوں مبہم انداز میں شادی کا اعتراف کر چکے تھے لیکن کبھی دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کرنے کا واضح اقرار نہیں کیا تھا۔

دونوں کی یہ دوسری شادی ہے، محب مرزا کی پہلی شادی ماڈل آمنہ شیخ سے 2005 میں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی، انہیں ایک بیٹی بھی ہے۔

اسی طرح صنم سعید نے بھی 2015 میں خاندان کی مرضی سے محبت کی شادی کی تھی، جس کے بعد وہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں مگر جلد ہی ان کی طلاق ہوگئی اور اداکارہ نے 2018 میں اس کی تصدیق کی تھی۔

صنم سعید کے ہاں شادی کی تصدیق کے ڈھائی سال بعد پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، اس وقت صنم سعید اور محب مرزا کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جولائی 2025
کارٹون : 15 جولائی 2025